کشمیر کی پوری وادی میں آگ لگی ہوئی ہے ‘ بھارت حقیقت سے چشم پوشی کر رہا ہے ، بھارت آج جو بوئے گا وہی کاٹے گا، کشمیر تاریخی حقیقت ہے اس کی نفی نہیں کی جا سکتی‘پاک بھارت باؤنڈری قطعی طور پر بند ہے ، اڑی حملے میں پاکستان کا کوئی دخل نہیں اور پاکستان پر الزام تراشی غلط ہے‘وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی نجی ٹی وی سے بات چیت

اتوار 18 ستمبر 2016 20:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18ستمبر۔2016ء) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ کشمیر کی پوری وادی میں آگ لگی ہوئی ہے ، بھارت حقیقت سے چشم پوشی کر رہا ہے ، بھارت آج جو بوئے گا وہی کاٹے گا، کشمیر ایک تاریخی حقیقت ہے اس کی نفی نہیں کی جا سکتی ۔

(جاری ہے)

اتوار کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر کی پوری وادی میں آگ لگی ہوئی ہے اور بھارت حقیقت سے چشم پوشی کر رہا ہے ، ظلم کے بعد یہ توقع کرنا کہ کشمیری ردعمل نہیں دیں گے یہی حقیقت سے چشم پوشی ہے ، کشمیر ایک تاریخی حقیقت ہے اور اس کی نفی نہیں کی جا سکتی ۔

وزیردفاع نے کہا کہ بھارت جو آج بوئے گا وہی کاٹے گا ، بھارت کے اپنے سیاستدان مسئلہ کشمیرکے حل پر زور دے رہے ہیں ، کشمیر پر پاکستان کا موقف وہی ہے جو اقوام متحدہ اور بین الاقوامی برادری کا ہے ، ہم اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے اپنا موقف دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پاک بھارت باؤنڈری قطعی طور پر بند ہے ، اڑی حملے میں پاکستان کا کوئی دخل نہیں اور پاکستان پر الزام تراشی غلط ہے ، ہم کشمیریوں کی اخلاقی حمایت کر رہے ہیں اور اخلاقی حمایت سے زیادہ ہماری کسی قسم کی مداخلت نہیں ہے ۔

متعلقہ عنوان :