امریکی ریاست منیسوٹا میں ایک شخص نے چاقو کے وار کر کے آٹھ افراد کو زخمی کر دیا-پولیس اہلکار کی فائرنگ سے حملہ آور ہلاک‘مقامی پولیس حملہ آور کی شناخت ظاہر کرنے سے انکار

Mian Nadeem میاں محمد ندیم اتوار 18 ستمبر 2016 15:47

امریکی ریاست منیسوٹا میں ایک شخص نے چاقو کے وار کر کے آٹھ افراد کو زخمی ..

نیویارک(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔18 ستمبر۔2016ء) امریکی ریاست منیسوٹا میں ایک شخص نے چاقو کے وار کر کے آٹھ افراد کو زخمی کر دیا اور وہاں موجود ایک پولیس افسر نے فائرنگ کر کے حملہ آور کو ہلاک کر دیا۔یہ واقعہ سینیٹ کلاوڈ کے ایک شاپنگ مال میں پیش آیا۔مقامی پولیس کے سربراہ بلیئر اینڈریسن نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں کسی بھی زخمی کی حالت خطرے میں نہیں ہے۔

اینڈریسن نے حملہ آور کی شناخت کے بارے میں تو کوئی تفصیل فراہم نہیں کی لیکن ان کا کہنا تھا کہ اس نے ایک نجی سکیورٹی فرم کے کارکنوں کا لباس پہن رکھا تھا اور چاقو سے لیس تھا۔ان کے بقول حملہ آور نے ایک مرتبہ اللہ کہہ کر پکارا اور ایک شخص سے یہ بھی پوچھا کہ وہ مسلمان ہے یا نہیں۔

(جاری ہے)

اینڈریسن کا کہنا تھا کہ ایک دوسرے علاقے کا پولیس افسر جو کہ اس وقت ڈیوٹی پر نہیں تھا، اس نے حملہ آور کو گولی مار کر موت کے گھاٹ اتارا۔

ان کے بقول فی الوقت اس حملے کے محرکات معلوم نہیں لہذا یہ نہیں کہا جا سکتا کہ یہ دہشت گردی کا واقعہ تھا۔بعض عینی شاہدین کے مطابق یہاں گولی چلنے کی آواز بھی سنائی دی جو کہ بظاہر پولیس افسر کی طرف سے حملہ آور پر چلائی گئی تھی۔جس شاپنگ مال میں یہ واقعہ پیش آیا اسے لوگوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے اور اندر موجود لوگوں کو اتوار کو علی الصبح وہاں سے جانے کی اجازت دی گئی۔پولیس نے اس واقعے کی مختلف پہلووں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

متعلقہ عنوان :