جولائی 2016 ء کے دوران دالوں کی درآمدات میں 47.44 فیصد کا اضافہ

جولائی 2015 ء کے دوران 41.833 ملین ڈالر کی دالیں درآمد کی گئی تھیں رپورٹ

اتوار 18 ستمبر 2016 14:28

اسلا م آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 ستمبر - 2016ء)جولائی 2016 ء کے دوران دالوں کی درآمدات میں 47.44 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان ( پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2015 ء کے دوران 41.833 ملین ڈالر کی دالیں درآمد کی گئی تھیں جاری مالی سال کے پہلے مہینے جولائی 2016 ء کے دوران دالوں کی ملکی درآمدات کا حجم 61.667 ملین ڈالر تک بڑھ گیا، اس طرح جولائی 2015 ء کے مقابلہ میں جولائی 2016 ء کے دوران دالوں کی ملکی درآمدات میں 19.844 ملین ڈالر یعنی 47.44 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پی بی ایس کی رپورٹ کے مطابق جولائی 2015ء کے مقابلہ میں جولائی 2016 ء کے دوران بالحاظ وزن دالوں کی ملکی درآمدات میں 11.10 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے اور گزشتہ مالی سال کے جولائی کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے ماہ جولائی میں 8 ہزار 359 میٹرک ٹن کم دالیں درآمد کی گئی ہیں ۔

(جاری ہے)

جولائی 2015 ء میں دالوں کی ملکی درآمدات 75 ہزار 306 میٹرک ٹن ریکارڈ کی گئی تھیں جو جولائی 2016 ء میں 66 ہزار 947 میٹرک ٹن تک کم ہو گئیں اسی طرح جون 2016 ء کے مقابلے میں جولائی 2016 ء کے دوران دالوں کی درآمدی مالیت مین بھی 8 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے اور جون کے دوران دالوں کی قومی درآمدات 6.978 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں جو جولائی کے دوران 5.301 ملین ڈالر تک کم ہو گئیں۔

زرعی ماہرین کا کہنا ہے کہ بارانی علاقوں میں زیادہ پیداوار کے حامل بیجوں اور جدید زرعی ٹیکنالوجی کے استعمال کے فروغ سے دالوں کی درآمدات میں کمی لائی جا سکتی ہے کیونکہ ملک میں دالوں کا زیادہ تر زیر کاشت رقبہ بارانی علاقوں پر مشتمل ہے۔ دالوں کی درآمد میں کمی سے نہ صرف بارانی علاقوں کے کاشتکاروں کے ذرائع آمدنی کو بڑھایا جا سکے گا بلکہ اس سے قیمتی زر مبادلہ کی بھی بچت ہو گی۔