پنجاب حکومت نے سپریم کورٹ میں اورنج لائن منصوبہ سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ چیلنج کردیا

ہفتہ 17 ستمبر 2016 23:01

پنجاب حکومت نے سپریم کورٹ میں اورنج لائن منصوبہ سے متعلق لاہور ہائی ..

اسلام آباد ۔ 17 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔17ستمبر ۔2016ء) پنجاب حکومت نے سپریم کورٹ میں اورنج لائن منصوبہ سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ چیلنج کردیا ہے۔لاہور ہائی کورٹ نے اورنج لائن ٹرین منصوبہ پر11تاریخی مقا مات پر 200فٹ کی حدود میں تعمیرات کاکام روکنے کا حکم دیا تھا لاہور ہائی کورٹ کے فیصلہ کو پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارتی کی جانب سے عدالت عظمیٰ کے سینئر وکیل مخدوم علی خان نے سپریم کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے۔

پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی جانب سے دائر اپیل میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ تاریخی مقامات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی کہ وہ اپنی اصل حالت میں بحال رہیں اور قومی ورثہ کا زیادہ نقصان نہ ہو ،لاہور ہائی کورٹ نے فیصلہ دیتے ہوئے حقائق کو مد نظر نہیں رکھا۔

(جاری ہے)

اورنج لائن منصوبہ سے متعلق تمام اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں اب اس مرحلہ پر اورنج ٹرین منصوبے کو تبدیل کیا گیا تو منصوبہ التواء کا شکار ہو سکتا ہے یا اس منصوبہ کو نقصان بھی پہنچ سکتا ہے جبکہ تخمینہ لاگت کئی گنا بڑھ جائے گا جس سے قومی خزانے پر اضافی بوجھ پڑے گااس لیے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلہ کو کالعدم قرار دیا جائے اور پنجاب حکومت کو اپنے منصوبہ کے تحت ہی اورنج لائن ٹرین منصوبہ مکمل کرنے کی اجازت دی جائے۔

یہ عوامی فلاحی منصوبہ ہے جس سے لاکھوں شہری روزنہ سفر کی سہولت حاصل کرسکیں گے،کیس کی سماعت جلد مقرر کی جائے۔

متعلقہ عنوان :