پی آئی اے کے بعد از حج آپریشن کا آغاز ہو گیا،پہلے روز 1200 سے زائد حجاج کو سعودی عرب سے وطن واپس پہنچایا گیا

ترجمان پی آئی اے کابیان

ہفتہ 17 ستمبر 2016 22:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17ستمبر ۔2016ء ) پی آئی اے بعد از حج آپریشن کا آغاز پشاور ، لاہور، اسلام آباد اور کراچی میں ہفتہ کی شام خصوصی حج پروازوں کی آمد کے ساتھ ہو گیا۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق پہلے روز 12 سو سے زائد حجاج کرام کو سعودی عرب سے وطن واپس پہنچایا گیا۔

(جاری ہے)

کراچی میں پی آئی اے کے ڈائریکٹر انجینئرنگ مقصود احمد، اسلام آباد میں ڈائریکٹر مارکیٹنگ خرم مشتاق، ڈائریکٹر پروکیورمنٹ عمران اختر ، لاہور میں ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن رشید احمد اور پشاور میں جنرل مینیجر مارکیٹنگ قمر شمیم نے حجاج کوخوش آمدید کہا۔

پی آئی اے کے چیئرمین اعظم سہگل اور چیف آپریٹنگ آفیسر برنڈ ہلڈن برانڈ نے پی آئی اے حج ٹیم کو حجاج کرام کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ پی آئی اے 126 خصوصی اور 125 شیڈول پروازوں کے ذریعے تقریباً 52 ہزار حجاج کو جدہ اور مدینہ منورہ سے واطن واپس پہنچائے گی۔ ترجمان کے مطابق پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن 16 اکتوبر کو اختتام پذیر ہو گا۔