پی آئی اے کے بعداز حج آپریشن کا آغاز ہو گیا ، ترجمان پی آئی اے

پشاور ، لاہور ، اسلام آباد اور کراچی میں خصوصی حج پروازوں کی آمد

ہفتہ 17 ستمبر 2016 22:02

اسلام آباد / کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔17ستمبر ۔2016ء) پی آئی اے بعداز حج آپریشن کا آغاز پشاور ، لاہور ، اسلام آباد اور کراچی میں ہفتہ کی شام خصوصی حج پروازوں کی آمد کے ساتھ ہو گیا ترجمان پی آئی اے کے مطابق پہلے روز 12 سو سے زائد حجاج کرام کو سعودی عرب سے وطن واپس پہنچایا گیا ۔

(جاری ہے)

کراچی میں پی آئی اے کے ڈائریکٹر انجینئرنگ مقصود احمد ، اسلام آباد میں ڈائریکٹر مارکیٹنگ خرم مشتاق ، ڈائریکٹر پروکیورمنٹ عمران اختر ، لاہور میں ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن رشید احمد اور پشاور میں جنرل منیجر مارکیٹنگ قمر شمیم نے حجاج کو خوش آمدید کہا ۔

پی آئی اے کے چیئرمین اعظم سہگل اور چیف آپریٹنگ آفیسر برنڈ بلڈن برانڈ نے پی آئی اے حج ٹیم کو حجاج کرام کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں ۔ پی آئی اے 126 خصوصی اور 125 شیڈول پروازوں کے ذریعے تقریباً 52 ہزار حجاج کو جدہ اور مدینہ منورہ سے وطن واپس پہنچائے گی ۔ ترجمان کے مطابق پی آئی اے کا بعداز حج آپریشن 16 اکتوبر کو اختتام پذیر ہو گا ۔