مہمند ایجنسی خودکش دھماکے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ،قبائلی عوام مشکوک افراد پر کھڑی نظر رکھیں ، بروقت نشاندہی کی جائے

گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 17 ستمبر 2016 21:32

باجوڑایجنسی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17ستمبر ۔2016ء) گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے کہا ہے کہ مہمند ایجنسی خودکش دھماکے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔قبائلی عوام مشکوک افراد پر کھڑی نظر رکھیں اور اُس کی بروقت نشاندہی کریں ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے دورہ باجوڑایجنسی کے موقع پرہیڈکوارٹر ہسپتال خار باجوڑ میں مہمند ایجنسی کے علاقہ امبار میں خودکش حملے کے دوران زخمی ہونیوالے افراد کی عیادت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر پولیٹیکل ایجنٹ باجوڑ انجینئر عامر خٹک ، رکن قومی اسمبلی شہاب الدین خان ، حاجی بسم اﷲ خان اور سینیٹر ہدایت اﷲ خان بھی موجودتھے۔ گورنر نے ہیڈکوارٹر ہسپتال خار میں مہمند ایجنسی امبارخودکش بم دھماکے کی زخمیوں کی عیادت کی۔

(جاری ہے)

گورنر نے ذاتی فنڈ سے زخمیوں کیلئے پچاس ہزار روپے فی کس نقد امداد دینے کا اعلان کیا ۔جبکہ شہداء کیلئے فی کس تین لاکھ روپے اور ذاتی فنڈ سے ایک لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔

گورنر نے شہید ہونیوالے افراد کے خاندانوں کے ایک ایک فرد کو سرکاری نوکری دینے کا اعلان کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخواہ اقبال ظفر جھگڑ انے کہا کہ قبائلی علاقوں میں جاری پا ک فوج کے آپریشن سے حالات کنٹرول میں آگئے ہیں لیکن قبائلی عوام کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ مشکوک افراد کی نشاندہی کریں ۔انہوں نے کہا کہ مہمند ایجنسی واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد بزدلانہ کاروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے ۔