محکمہ خزانہ نے یونین کونسلز کے دفاتر کے کرائیوں،عمارتوں اور سامان کی مرمت سمیت بلوں کیلئے 7 کروڑ70 لاکھ کا فنڈ جاری کردیا ‘ذرائع

ہفتہ 17 ستمبر 2016 21:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17ستمبر ۔2016ء) صوبائی محکمہ خزانہ نے لاہوربھر کی نئی و پرانی یونین کونسلز کے دفاتر کے کرائیوں،عمارتوں اور سامان کی مرمت سمیت بلوں کیلئے 7 کروڑ70 لاکھ کے فنڈز جاری کردیئے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے بعد عوامی نمائندوں کو دفاتر کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے جسے کنٹرول کرنے کیلئے محکمہ فنانس نے لاہور سمیت پنجاب بھر کی نئی و پرانی یونین کونسلز کیلئے پینسٹھ کروڑ سات لاکھ روپے کے فنڈز جاری کردیئے ہیں محکمہ فنانس کی جانب سے جاری ہونے والے فنڈز متعلقہ اضلاع کے ڈی سی اوز کے اکانٹ میں منتقل کردیئے گئے ہیں۔

جاری شدہ فنڈز سے یونین کونسل دفاتر کے کرائے،عمارت اور سامان کی مرمت سمیت بلوں کی ادائیگیاں کی جائیں گی۔لاہور کی دو سو چھہتر یونین کونسلز کیلئے سات کروڑ ستر لاکھ جاری ہوئے ہیں۔ایک سو چوبیس نئے یوسی دفاتر کے کرا یوں،نئے سامان کی خریداری اور بلوں کی ادائیگی کی مد میں چھ کروڑ بیس لاکھ روپے جاری ہوئے ہیں۔ شہر کی پرانی ایک سو پچاس یونین کونسلز کیلئے ڈیڑھ کروڑ جاری ہوئے ہیں۔ متعلقہ فنڈز سے پرانی یوسی عمارتوں اور سامان کی رینوویشن اور بلوں کی ادائیگیاں ہونگی۔ یہ تمام فنڈز ضلعی انتظامیہ کے اکانٹ میں منتقل کردیئے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :