حکومت کی ناکام خارجہ پالیسی کے باعث ہمارے دوست ممالک دشمن ملک سے اتحاد کر رہے ہیں ،انیس احمد ایڈووکیٹ

ملک کی جملہ سیاسی جماعتیں عوام کی بات تو کرتے ہیں لیکن کوئی بھی مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے ،رضاہارون کے ہمراہ پریس کانفرنس

ہفتہ 17 ستمبر 2016 19:41

میرپورخاص(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17ستمبر ۔2016ء) حکومت کی ناکام خارجہ پالیسی کے باعث ہمارے دوست ممالک دشمن ملک سے اتحاد کر رہے ہیں ،22اگست کے واقعہ پر حکومت نے کوئی نوٹس نہیں لیا جسکی وجہ سے الطاف حسین اور اسکی جماعت متحدہ کیخلاف کوئی کاروائی نہیں کی گئی،یہ بات پاک سر زمین پارٹی کے وائس چیئرمین انیس احمد ایڈوکیٹ اور رضا ہارون نے پاکستان ہاؤس میرپوخاص میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ،اس موقع پر صابر جلیل ایڈوکیٹ ،رئیس احمد خان ،عارف مہاجر ،برکت قریشی شاہد احمد ،عثمان میوو دیگر بھی موجود تھے ،انہوں نے کہا کہ ملک کی جملہ سیاسی جماعتیں عوام کی بات تو کرتے ہیں لیکن کوئی بھی مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے ،انہوں نے کہا پانامہ لیکس میں جو انکشافات ہوئے دنیا بھر میں فوری ناصرف کاروائی ہوئی بلکہ بعض لوگوں کو تواقتدار بھی چھوڑنا پڑا ،مگر افسوس کی بات ہے پاکستان میں کوئی بھی کاروائی نہیں ہوئی ،اور کسی کوبھی کرپشن کے خاتمے کیلئے کوئی دلچسپی نہیں ہے ،انہوں نے کہا موجودہ پارلیمنٹ اور سیاست میں کوئی رہنما نہیں جو قومی لیڈر بن کر عوامی مسائل کے حل میں دلچسپی لے ،انہوں نے کہا پاکستان مخالف نعرہ لگانے والوں کے خلاف کوئی بھی کاروائی کا نا ہونا ملک کی سالمیت پر حملہ ہے ،اور متحدہ پاکستان اور لندن عوام کو بے وقوف بنا کر الطاف حسین کو بچانے کی کوشش کی جارہی ہے ،انہوں نے کہا کہ میرپورخاص میں ایک ارب نوے کروڑ روپے کی لاگت سے زیر تعمیر سول اسپتال منصوبہ بندی کے بغیر تعمیر کیا جارہا ہے ،جس میں نکاسی آب سمیت دیگر انتظامات نہ ہونے کے برابر ہیں اس کی تحقیقات کون کریگا ،اور سندھ بھر میں خاص طور پرمیرپورخاص میں نکاسی آب اور مکمل انفراسٹریکچرتباہ وبرباد ہوگیا ہے جس کی ذمہ دار پیپلز پارٹی اور ایم کیوایم ہیں،جبکہ سندھ کے ایک شہر کی تعمیر وترقی پر نوے ارب روپے خرچ کرنے کے باوجود شہر کا شہر تباہ وبرباد ہے ،انہوں نے کہا پی ایس پی ملکی سطح تک پھیل چکی ہے اور بہت جلد عوامی حمایت سے عوامی مسائل کے حل کیلئے تحریک چلائی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :