آیت اﷲ حافظ ریاض نجفی کی مہمند ایجنسی کی مسجد میں خود کش دھماکے کی مذمت ، اتحاد امت پر زور

امت مسلمہ مضبوط قوت بن جائے ، ورنہ دشمنان اسلام کی سازشتوں کامقابلہ ممکن نہیں ہوگا‘صدر وفاق المدارس

ہفتہ 17 ستمبر 2016 19:37

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17ستمبر ۔2016ء) وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اﷲ حافظ ریاض حسین نجفی ،نائب صدر علامہ نیاز نقوی اور سیکرٹری جنرل علامہ محمد افضل حیدری نے مہمند ایجنسی کی مسجد میں خود کش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلمانوں کو باہمی اختلافات پس پشت ڈالتے ہوئے اتحاد امت کو فروغ دینا چاہئے۔ جس کے لئے توحید باری تعالیٰ ،پیغمبر گرامی قدر حضرت محمد مصطفی کی ذات اقدس، قرآن مجید، خانہ کعبہ اور اہل بیت عظام کی تعلیمات ہمار ے درمیان موجود ہیں۔

(جاری ہے)

جامعتہ المنتظر میں مختلف علما سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ فرقہ واریت سے دنیا میں اسلام کی بدنامی ہوئی ہے، ہمیں مسلک و مکتب کے اختلافات کی بجائے امت کے تناظر میں سوچنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے اتحاد تنظیم اور ایمان کا درس دیا تھا۔ اس پر ہر پاکستانی کو عمل کرکے ملکی ترقی میں حصہ لینا چاہیے۔ اور ایمان کی حفاظت کرنی چاہیے۔آیت اﷲ حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ امت مسلمہ مضبوط قوت بن جائے ، ورنہ دشمنان اسلام کی سازشتوں کامقابلہ ممکن نہیں ہوگا۔

متعلقہ عنوان :