دھمکی آمیزبیانات ٗپی ٹی آئی وزرا کیخلاف مقدمہ درج کرائیگی

تحریک انصاف نے وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی کے خلاف اندراج مقدمہ کیلئے درخواست دیدی

ہفتہ 17 ستمبر 2016 19:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17ستمبر ۔2016ء) تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت نے پارٹی چیئرمین عمران خان کے خلاف دھمکی آمیز بیانات دینے والے وزراکے خلاف مقدمہ درج کرانے کا فیصلہ کر لیا ۔تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل فرخ حبیب نے نجی ٹی وی کو ٹیلی فونک گفتگو کے دوران بتا یا کہ عابد شیر علی نے عمران خان کو رائے ونڈ مارچ کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی تھیں۔

(جاری ہے)

اعلیٰ قیادت کی مشاورت سے ان کیخلاف مقدمہ درج کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی کے خلاف اندراج مقدمہ کیلئے درخواست دیدی ہے۔ یہ درخواست پاکستان تحریک انصاف کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل فرخ حبیب نے سی پی او فیصل آباد افضال کوثر کو جمع کرائی جس میں عابد شیر علی کے خلاف میڈیا پر دھمکیاں دینے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔