Live Updates

عمران خان کے راتوں رات چور دروازے سے وزارت عظمیٰ کے خواب چکنا چور ہو گئے ‘حمزہ شہباز

عوام نے سیاسی ڈھکو سلوں کو مسترد کر دیا دھرنے والے اب رائیونڈ میں بھی تنہا رہ گئے ،وزیر اعظم نواز شریف سر سے پاؤں تک پاکستانی تھے،ہیں اور رہیں گے،جینا مرنا پاکستان کے لیے ہے ،عمران خان خود سے ما یو س اور فرسٹریشن کا شکار دکھائی دیتے ہیں عوام ان کا احتساب کریں گے‘این اے 162ہڑپہ ساہیوال کا دورہ ،پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت

ہفتہ 17 ستمبر 2016 19:05

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17ستمبر ۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عمران خان کے راتوں رات چور دروازے سے وزیر اعظم بننے کے خواب چکنا چور ہو گئے ہیں ، عوام نے ان کی دھرنوں ، لانگ مارچ ، ریلیوں اور انتشار کی سیاست کو یکسر مسترد کر دیا ہے اور اب عمران خان خود سے مایوس اور فرسٹریشن کا شکار ہو کر ذاتیات پر اتر آئے ہیں کسی کے گھر جاکر دھاوابولنا یا دھرنا دینا کہاں کی سیاست ہے ۔

حمزہ شہباز نے این اے 162ہڑپہ میں سابق صوبائی وزیر ارشد خان لودھی کے ڈیرے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ گمنام اور یکطرفہ احتساب کا نعرہ لگانے والوں کا اصل احتساب 2018ء میں عوام خود ان کے اپنے صوبے خیبر پختونخواہ میں کریں گے جہاں مینڈیٹ حاصل کرنے والے عمران خان کی لوگ راہ دیکھ رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

حمزہ شہباز نے کہا کہ قرضہ معاف کرانے والے جہانگیر ترین کے جہاز میں روزانہ سفر کر کے اور غریبوں کی زمینوں پر قبضہ کرانے والے علیم خان کو ساتھ کھڑا کرکے عمران خان کون سے احتساب کی بات کرتے ہیں ۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران خان کو ہوش کے ناخن لینا چاہئیں اور بے بنیاد الزاما ت ا ور اخلاق سے گری گفتگو سے اجتناب کرنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف سر سے پا ؤں تک پاکستانی تھے ،ہیں اور رہیں گے ۔ شریف فیملی کا جینا اور مرنا وطن عزیز پاکستان کے لیے ہے نواز شریف پاکستان کی تعمیر و ترقی اور عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کی جدوجہد کر رہے ہیں ۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران خان کو یاد رکھنا چاہیے وزیر اعظم سازشوں سے نہیں بنا جاتا اس کے لیے جیلیں کاٹنا پڑتی ہیں اور لو گوں کے دلوں میں جگہ بنانی پڑتی ہے عمران خان سپورٹس مین ہونے کا ثبوت دیتے ہو ئے 2018ء کا ا نتظار کریں ۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران خان پر عوام کے عدم اعتماد اور میاں محمد نواز شریف پر بھر پور اعتماد میں اضافہ ہوا ہے عوام کی موجودہ حکومت سے امیدیں وابستہ ہیں اور 2018ء میں لو ڈشیڈنگ پر قابو پانے سمیت عوام کے مسائل کے حل کا سال ہوگا ۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ 19ستمبر این اے 162میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کا دن ہو گا اور دیگر شہروں کی طرح یہاں کے عوام بھی موجودہ حکومت پر اپنے بھر اعتماد کا اظہار کریں گے ۔ اس موقع پر این اے 162سے قومی اسمبلی کے امیدوار چوہدری محمد طفیل ،سابق صوبائی وزیر ارشد خان لودھی ، سابق ایم این اے چوہدری زاہد اقبال اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور مسلم لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد نے حمزہ شہباز کا ہڑپہ میں استقبال کیا ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات