کوئی قوم تعلیم کو فروغ دئیے بغیر ترقی نہیں کر سکتی ،صوبائی وزیر زکوۃ

ہفتہ 17 ستمبر 2016 18:21

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17ستمبر ۔2016ء) صوبائی وزیر زکوۃ و عشر ملک ندیم کامران نے کہا ہے کہ کوئی قوم تعلیم کو فروغ دئیے بغیر ترقی نہیں کر سکتی اور ہمیں چاہیے کہ معیاری تعلیم کے فروغ میں حکومت کا ساتھ دیں اور ملک کی ترقی کی طرف آگے لے جانے کیلئے اپنا اہم کردار ادا کریں۔ انہوں نے یہ بات ساہیوال بورڈ کے تحت انٹرمیڈیٹ امتحانات 2016 کے پوزیشن ہولڈر طلباو طالبات کو ایوارڈ دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ممبران اسمبلی ندیم عباس ربیرہ اور ملک محمد ارشد ‘چیئرمین بورڈ پروفیسر ڈاکٹر انوار احمد‘ کنٹرولر بورڈطاہر حسین جعفری‘ سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر ذوالفقار علی اور پرنسپل گورنمنٹ کالج پروفیسر اخلاق حسین کے علاوہ طلبا و طالبات اساتذہ اور والدین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پچھلے آٹھ سالوں کے دوران ساہیوال نے تعلیمی میدان میں بے پناہ ترقی کی ہے جس میں تعلیمی بورڈ کا قیام سب سے اہم ہے جبکہ اب یونیورسٹی آف ساہیوال کے قیام سے اعلیٰ تعلیم کے مزید مواقع دستیاب ہونگے۔

انہوں نے امتحانات میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو مبارکباد دی اور کہا کہ موجودہ حکومت نے ان کی حوصلہ افزائی کے لئے گارڈ آف آنر دینے اور بیرون ملک یونیورسٹیوں کے دورے کا جو سلسلہ شروع کیا ہے وہ انتہائی خوش آئندہے جس سے دوسرے طلبا و طالبات میں بھی محنت کا جذبہ پیدا ہوا ہے۔صوبائی وزیر ملک ندیم کامران نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ اس کی مناسب حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ ہر شعبہ میں قابل افراد دستیاب ہوں۔انہوں نے ساہیوال بورڈ کی عمارت کی تعمیر کے لیے جگہ کی فراہمی کی بھی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ عنوان :