جماعت اسلامی کی جانب سے مہمند ایجنسی میں بم دھماکے کی شدیدالفاظ میں مذمت

دہشتگردی کی بزدلانہ کاروائیاں عوام کاحوصلہ متزلزل نہیں کرسکتیں،حکومت متاثرین کی مالی وطبی امداد کرے‘میاں مقصود احمد

ہفتہ 17 ستمبر 2016 18:12

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17ستمبر ۔2016ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے مہمندایجنسی مسجد میں دوران نماز بم دھاکے کے نتیجے میں 28افراد کی شہادت پرانتہائی رنج وغم کااظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے جان ومال کو تحفظ فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ثابت ہوگئے ہیں۔کچھ غیرملکی طاقتیں پاکستان کے امن وامان کوتباہ کرنا چاہتی ہیں جنہیں بے نقاب کرناضروری ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت اور اس کے ماتحت اداروں کو اپنی پالیسیاں ازسرنوتشکیل دیتے ہوئے عوام کو تحفظ کا احساس دینا ہوگا اس کے لیے ضروری ہے کہ مہمندایجنسی سانحہ میں ملوث افراد کو جلد ازجلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔دہشتگری کے بزدلانہ واقعات پاکستان کے18کروڑ عوام کے جذبوں کو متزلزل نہیں کرسکتے۔

(جاری ہے)

اب وقت آگیا ہے کہ حکومت دشمن کی تمام سازشوں کاقلع قمع کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر ٹھوس اقدامات کرے۔

میاں مقصود احمد نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے عوام کی قربانیوں کاتذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ نام نہاد امریکی جنگ میں سب سے زیادہ نقصان ہمارے ملک اور عوام کاہواہے۔بشمول 5ہزار سیکیورٹی فورسز کے50ہزار قیمتی جانوں کا ضیاع اور 100ارب کامعاشی نقصان اٹھانے کے باوجود دنیا میں پاکستان کو شک کی نگاہ سے دیکھاجاتاہے۔گرین پاسپورٹ کی کہیں توقیر نہیں کی جاتی۔

انہوں نے کہاکہ دشمن قوتیں چاروں اطراف سے ہم پر حملہ آور ہیں۔مساجد میں دھماکے کوئی مسلمان نہیں کرسکتا۔ضرورت اس امر کی ہے کہ مہمند ایجنسی کی تحصیل انبار میں ہونے والابم دھماکہ کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات ہونی چاہئیں۔ملک دشمن قوتیں پاکستان کے حالات خراب کرنے کی سازشیں کررہی ہیں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ بم دھماکے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے لواحقین کی مالی وطبی امداد کرے تاکہ متاثرین کو کچھ ریلیف مل سکے۔

متعلقہ عنوان :