وزیراعظم کے دورہ امریکہ پرعمران خان کی تنقید انتہائی غیرمناسب ،وزیراعظم جنرل اسمبلی میں کشمیریوں پرظلم کیخلاف آواز اٹھانے کیلئے امریکہ جارہے ہیں ،کشمیری اور پاکستانی قوم پرامید ہیں کہ وزیراعظم اقوام متحدہ میں ٹھوس انداز میں کشمیر کا موقف اٹھائیں گے

سینئرسیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی کی کالم نگاروں اوردیگرصحافیوں سے گفتگو

ہفتہ 17 ستمبر 2016 17:46

ملتان( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17ستمبر ۔2016ء) سینئرسیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ عمران خان کی طرف سے وزیراعظم کے دورہ امریکہ پرتنقید کرنا انتہائی غیرمناسب ہے۔وزیراعظم جنرل اسمبلی میں کشمیریوں پرظلم کیخلاف آواز اٹھانے کیلئے امریکہ جارہے ہیں ۔ میاں نوازشریف کا کشمیرکازکیلئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں جانا کشمیریوں کے موقف کی بہترین تائید ہے۔

کشمیری اور پاکستانی قوم پرامید ہیں کہ وزیراعظم جنرل اسمبلی میں ٹھوس انداز میں کشمیر کا موقف اٹھائیں گے اور عالمی طاقتوں کواس مسئلہ کے حل پرتیار کریں گے ۔ وہ ہفتہ کو اپنی رہائشگاہ پرپاکستان رائٹرز ونگ کے صدر محمد عبداﷲ کی قیادت میں آنے والے کالم نگاروں اور صحافیوں کے وفد سے ملاقات کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاکستان رائٹرز ونگ کے عہدیدران حافظ نسیم قریشی،فیصل سلیم شجراء،محمدعرفان رفیع،عبدالباسط قریشی اور سیاسی وسماجی رہنما محمد یسٰین ملک بھی موجود تھے۔

سینئرسیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی کا اس موقع پرگفتگوکرتے ہوئے کہنا تھا کہ کشمیریوں نے کشمیر کیلئے خون سے موقف رقم کیا ہے۔دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں کی آواز نہیں دباسکتی۔عمران خان کی طرف سے وزیراعظم کے دورہ امریکہ کو تنقید کا نشانہ بنانا انتہائی غیرمناسب ہے۔ایک سوال کے جواب پرانہوں نے کہا کہ این اے 149میراحلقہ انتخاب ہے،یہاں سے ہرصورت الیکشن میں حصہ لوں گا۔

پاکستان رائٹرز ونگ کے کالم نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ آج کے دور میں نوجوان تو کیاپوری قوم قلم وقرطاس سے دور ہوگئی ہے۔آج کے پرفتن دورمیں لوگوں کو قلم وقرطاس سے منسلک رکھنے پر پاکستان رائٹرز ونگ کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔اس موقع پر پاکستان رائٹرزونگ کی طرف سے مخدوم جاوید ہاشمی کو 24ستمبر کو منعقدہ کنونشن میں شرکت کی دعوت دی گئی جو انہوں نے قبول کرلی۔