وزیر اعظم نواز شریف اقوام متحدہ میں کشمیریوں کامقدمہ جرأت سے لڑیں،زبیر فارو ق خان

بھارت کے ریاستی ظلم و جبر کی انتہا ہوگئی ہے ،پیلٹ گنوں سے معصوم کشمیریوں کی آنکھوں کی روشنی چھینی جارہی ہے ، امیر جماعت اسلامی اسلام آباد کا اجلاس سے خطاب

ہفتہ 17 ستمبر 2016 17:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17ستمبر ۔2016ء) جماعت اسلامی اسلام آباد کے امیر زبیر فارو ق خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف اقوام متحدہ میں کشمیریوں کامقدمہ جرأت سے لڑیں اور مودی سمیت کسی دشمن کو خاطر میں نہ لائیں،کشمیری مسلمانوں پر بھارت کے ریاستی ظلم و جبر کی انتہا ہوگئی ہے ،پیلٹ گنوں سے معصوم کشمیریوں کی آنکھوں کی روشنی چھینی جارہی ہے جس سے کلیجہ منہ کو آتا ہے ،اقوام متحدہ نے بھی اس ظلم کے خلاف زبان کھولی ہے جو خوش آئند ہے مگر خدشہ ہے کہ ہمارے حکمران شاید مودی کی دوستی کی وجہ سے کشمیر کا مسئلہ عالمی برادری کے سامنے مناسب طریقے سے پیش نہیں کرسکیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے ناظمین یو نین کونسل کے اجلاس سے خطاب کر تے ہو ئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی اسلام آباد ملک عبد العزیز ، محمد کاشف چوہدری ،خالد فارو ق نے بھی خطاب کیا ۔زبیر فارو ق خان نے کہا دشمن امت کو انتشار ، قومیتوں اور فرقوں کی لعنت میں مبتلا کرکے ہماری وحدت اور یکجہتی کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جس طرح عالم کفر نے مسلمانوں کو باہم لڑانے کیلئے اپنے تمام وسائل جھونک دیئے ہیں مسلم ممالک کو بھی اتحاد و یکجہتی قائم رکھنے کیلئے اپنی پوری قوت اور صلاحیت اس کام میں صرف کردینی چاہئے ۔

انہوں نے کہا کہ ہر جگہ مسلمانوں کا خون بے دردی سے بہایا جارہا ہے ۔اس خون ریزی کو روکنے کیلئے مسلم قائدین کو سرجوڑ کر بیٹھنا چاہئے اور باہمی محبت و اخوت کے جذبے کو فروغ دیتے ہوئے مسلمانوں میں امت واحدہ کے تصور کو اجاگر کرنا چاہئے ۔