پنجاب بھر کی انسداد دہشتگردی کی عدالتوں میں زیر التوا مقدمات جلد نمٹانے کا فیصلہ

ہفتہ 17 ستمبر 2016 16:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 ستمبر۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب بھر کی انسداد دہشتگردی کی عدالتوں میں زیر التوا مقدمات جلد نمٹانے ،اشتہاری مجرموں کی فوری گرفتاریوں ، بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کو انٹرپول کے ذریعے وطن واپس لانے اور جیلوں میں جیمر لگانے کا حکم دیدیا جبکہ پولیس کو ہدایت کی ہے کہ دہشت گردی عدالتوں کے ججز کی سکیورٹی کو فول پروف بنایا جائے ،گواہوں کے بیانات بروقت ریکارڑ کئے جائیں ،چالان اور فرانزک رپورٹ بروقت تیار کرکے عدالتو ں میں بھجوائی جائیں ۔

اس حوالے سے ہفتے کے روز لاہور ہائیکورٹ میں پنجاب بھر کی انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کے ججز کا خصوصی اجلاس جسٹس محمود مقبول باجوہ کی سربراہی میں ہواجس میں پنجاب بھر کی دہشت گردی عدالتوں کے ججز ، پراسیکیوٹر جنرل پنجاب ،صوبہ بھر کے آر پی اوز ،آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر، سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) امین وینس ،محکمہ داخلہ سمیت دیگر محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اشتہاریوں کی گرفتاریوں ، زیر التواء مقدمات کو جلد نمٹانے ، عدالتوں کی سکیورٹی اور جیلوں میں موبائل فون کے استعمال پر پابندی سمیت دیگر اہم امور پر غور وخوض کیا گیا۔جبکہ انسداد دہشت گردی عدالتوں کے ججر نے اپنی ایک ماہ کی کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی۔ جس پر جسٹس مقبول محمود باجوہ نے اطمینان کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر جسٹس محمود مقبول باجوہ نے ہدایت کی کہ ٹیمیں تشکیل دے کر اشتہاری ملزمان کی گرفتاری،ان کی جائیدادؤں کی ضبطی کو یقینی بنایا جائے جبکہ جو اشتہاری ملزمان بیرون ملک فرار ہو گئے ہیں انہیں انٹرپول کے ذریعے گرفتار کر کے واپس لانے کے لیے اقدامات کئے جائیں ۔

جبکہ دہشت گردی کے پرانے مقدمات کوروزانہ بنیادوں پر نمٹایا جائے ۔ انہو ں نے جیلوں میں موبائلز فون پر پابندی کو یقینی بنانے کے لئے جیمرز لگانے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے پولیس کو بھی ہدایت کی کہ دہشت گردی عدالتوں کے ججز کی سکیورٹی کی فول پروف بنایا جائے ۔ گواہوں کے بیانات بروقت ریکارڑ کئے جائیں ،چالان اور فرانزک رپورٹ بروقت تیار کرکے عدالتو ں میں بھجوائی جائیں ۔

متعلقہ عنوان :