چوہنگ فیکٹری حادثہ میں جاں بحق ہو نے والے مزدوروں کے لواحقین کیلئے 5لاکھ روپے فی کس امداد دینے کا اعلان

فیکٹری حادثہ میں زخمی ہونے والے افراد کو بھی قواعد وضوابط کے مطابق مالی امداد فراہم کی جائے ‘وزیر محنت راجہ اشفاق سرور

ہفتہ 17 ستمبر 2016 16:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 ستمبر۔2016ء ) صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے چوہنگ کے قریب بیکری مصنوعات بنانے والی فیکٹری کے بوائلر دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو تین دن کے اندر 5لاکھ روپے فی کس معاوضے کی ادائیگی کا حکم دیا ہے ۔راجہ اشفاق سرور نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ فیکٹری حادثہ میں زخمی ہونے والے افراد کو بھی قواعد وضوابط کے مطابق مالی امداد فراہم کی جائے ۔

وزیر محنت کے حکم پر محکمہ لیبر نے حادثہ کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے ٹیکنیکل ماہرین کی ٹیم تشکیل دے دی ہے جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل ارشد محمود ،آکوپیشنل سیفٹی آفیسر محمد ناصر اور ایریا لیبر آفیسر محمد آصف شامل ہیں ۔انہوں نے یہ بات محکمہ لیبر و انسانی وسائل پنجاب کے متعلقہ حکام کو چوہنگ فیکٹری حادثہ میں زخمی افراد کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی کی ہدایت دیتے ہو ئے کہی ۔

(جاری ہے)

راجہ اشفاق سرور نے ڈسٹرکٹ لیبر آفیسر لاہور چوہدری نصر کو ہدایت کی کہ حادثہ کی وجوہات اور حقائق کے حوالے سے تمام تحقیقات کے بعد 24گھنٹے میں رپورٹ انہیں پیش کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ واقع کے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے ۔ وزیر محنت راجہ اشفاق سرور نے کمشنر سوشل سکیورٹی منصور قادر کو ہدایت کی کہ ادارے کے بہترین ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم جناح ہسپتال بھجوائی جائے جو فیکٹری حادثہ کے زخمی افرادکو علاج معالجے کی ہر ممکن سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے۔ انہوں نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔

متعلقہ عنوان :