دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج ، قانون نافذ کرنے والے اداروں، پولیس اور زندگی کے ہر طبقے نے بیش قیمت قربانیاں دی ہیں، شہباز شریف

ہفتہ 17 ستمبر 2016 14:58

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔17 ستمبر۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج ، قانون نافذ کرنے والے اداروں، پولیس اور زندگی کے ہر طبقے نے بیش قیمت قربانیاں دی ہیں۔پاک افواج ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس نے بہادری اور جرأت کی عظیم داستانیں رقم کی ہیں۔ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔

اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔17 ستمبر۔2016ء کے مطابق وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار پنجاب کے مختلف اضلاع کے منتخب نمائندوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ ہماری آئندہ نسلوں کی بقاء کی جنگ ہے جسے ہر قیمت پر جیتنا ہے۔پاکستانی قوم دہشت گردی اور انتہاپسندی کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے کچلنے کا پختہ عزم کرچکی ہے اور انشاء اللہ اتحاد کی قوت سے دہشت گردی کا ملک سے خاتمہ کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وطن عزیز میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کیلئے کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن جنگ ہر محاذ پر لڑی جا رہی ہے اور آپریشن ضرب عضب کے نتیجہ میں قوم کو دوبارہ امن نصیب ہوا ہے۔سیاسی و عسکری قیادت کے ساتھ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہے اور آج قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔

نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات نتیجہ خیز ثابت ہو رہے ہیں۔ اور پاکستان آج پہلے سے کہیں زیادہ محفوظ اور پرامن ملک ہے۔پاکستان سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے اور ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے وطن کے بہادر سپوت پوری قوم کے ہیرو ہیں اور قوم کو شہداء کی لازوال قربانیو ں پر فخر ہے۔

متعلقہ عنوان :