حکومت دیہی علاقوں میں پہلوانی کے کھیل کے فروغ کیلئے ضروری اقدامات کرے، اؤلمپیئن محمد انور

ہفتہ 17 ستمبر 2016 13:53

اسلام آباد ۔ 17 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔17 ستمبر۔2016ء)قومی ریسلنگ ٹیم کے ہیڈ کوچ اولمپیئن محمد انور نے کہا ہے کہ حکومت دیہی علاقوں میں پہلوانی کے کھیل کے فروغ کیلئے ضروری اقدامات کرے۔ 28 نومبر سے 8 دسمبر تک کھیلے جانے والے پرو ریسلنگ مقابلوں سے پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ گذشتہ اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں دیہی سطح پر پہلوانی کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جس کو سامنے لانے کیلئے حکومت ضروری اقدامات کرکے دیگر کھیلوں کرکٹ، ہاکی اور سکواش کی طرح دیسی کشتی کی بھی سرپرستی کرے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے سکول کالجز میں چھٹیوں کا ایک اچھا موقع ہوتا ہے جس کے دوران ضلعی سطح پر کھیلوں کے تربیتی کیمپس کا انعقاد کیا جائے جس سے نئے نوجوا ن چہرے سامنے آسکتے ہیں جن کو بعد میں تربیتی کیمپ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئندہ ماہ 24 ستمبر سے ویت نام میں کھیلی جانے والی ایشین بیچ گیمز میں تین پاکستانی پہلوان شرکت کریں گے، جن میں محمد نذیر 61 کلوگرام( قومی چیمپیئن) محمد اسد پلس 74 کلوگرام ( قومی چیمپیئن) جس نے گذشتہ تھالی لینڈ میں کھیلی گئی ایشین بیچ گیمز میں کانسی اور رواں سال فروری میں بھارت میں کھیلی گئی سیف گیمز بھارت چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا اور محمد انعام بٹ پلس 86 کلوگرام ( قومی چیمپئن) 2010 ء میں بھارت میں کھیلی گئی کامن ویلتھ گیمز میں سونے کا تمغہ اور تھالی لینڈ میں کھیلی گئی گذشتہ ایشین بیچ گیمز میں کانسی تمغہ حاصل کیا، شامل ہیں، ان کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ کا دوسرا مرحلہ (کل) پیر سے اسلام آباد میں شروع ہوگا اور اس سے قبل پہلے مرحلہ عید کی تعطلات کے باعث 10 ستمبر کو اختتام پذیر ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو جدید اور اعلیٰ تربیت دی جا رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے 28 نومبر سے 8 دسمبر تک کھیلنے جانے والے پرو ریسلنگ مقابلوں سے لا تعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ہمارا اور ہماری فیڈریشن سے کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی اس سلسلہ میں ہم سے کسی نے رابطہ کیا ہے۔ کوچ محمدانور نے کہا کہ اس ایونٹ سے ہمارے ریسلرز کوکوئی فائدہ نہیں ہے، اس سے بہتر ہے کہ میٹ والی دیسی کشتی کے فروغ کیلئے اقدامات کئے جائیں جس سے پاکستانی پہلوان کو فائدہ پہنچے گا تاکہ ایشین گیمز اور اولمپک گیمز میں ہماری پوزیشن بہتر ہو۔