دہشت گردی و انتہا پسندی کا خاتمہ ،گلگت بلتستان کی ثقافت کو فروغ دینا صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے ،ثوبیہ مقدم

ہفتہ 17 ستمبر 2016 13:39

استور ۔ 17 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔17 ستمبر۔2016ء)گلگت بلتساتن کی صوبائی وزیر ویمن ڈویلپمنٹ ثوبیہ مقدم نے کہا ہے کہ دہشت گردی و انتہا پسندی کا خاتمہ اور گلگت بلتستان کی ثقافت کو فروغ دینا صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے ،دہشت گردی کے خاتمے کے لئے گلگت بلتستان میں فوجی عدالتوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک یا علاقے کی معاشی ترقی کا دارومدار امن و امان کے قیام سے مشروط ہے اور گلگت بلتستان میں امن امان کی بدولت سیاحت کو فروغ حاصل ہوا ہے ،جس کا واضح ثبوت رواں سال مقامی و بین الاقوامی سیاحوں کی بڑی تعداد نے گلگت بلتستان کا رخ کیا ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی صوبائی حکومت عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کرے گی ،وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کی عوام دوست پالیسیوں کی بدولت ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو رہا ہے ۔