وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات اور قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید 5روزہ دورے پر چین پہنچ گئے

ہفتہ 17 ستمبر 2016 13:25

اسلام آباد /بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 ستمبر۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات اور قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید 5روزہ دورے پر چین پہنچ گئے جہاں پر وفاقی وزیر چین کے صوبے گانسو میں سلک روڈ انٹرنیشنل کلچر ایکسپو میں شرکت کریں گے۔ اس ایکسپو کا مقصد قدیم شاہراہ ریشم سے متصل ممالک کے درمیان ثقافتی تبادلوں کا فروع ہے۔ ایکسپو میں عالمی رہنماء اور ثقافتی، سیاحت اور انفارمیشن وزراء سیمت سفارتکار، بین الاقوامی اداروں کے رہنماء اور بین الاقوامی ثقافتی اداروں کی اہم شحصیات شرکت کریں گی۔

سلک روڈ انٹرنیشنل کلچر ایکسپو پہلی مرتبہ چین کے صوبے گانسو کے شہر ڈن ہانگ میں ہوگا۔اس دوران مختلف اعلی سطحی فورم اور سلک روڈ ثقافتی نمائش سیمت مختلف تقریبات منعقد ہونگی جو ہر سال منعقد ہوگی جبکہ اس کے ساتھ ساتھ مختلف فورمز ، نمائشوں اور ثقافتی تقریبات کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویزرشید گانسو صوبے کے گورنر کی دعوت پر انٹرنیشنل ایکسپو میں شرکت کررہے ہیں۔ ایکسپو کے موقع پر چین کے وزیر ثقافت لو شو گنگ ، ڈپٹی وزیر ثقافت ڈنگ وی اور ریڈیو ، فلم اور ٹیلی ویژن کے نائب وزیر ٹونگ گنگ وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سے ملاقاتیں کریں گے اور دونوں ممالک کے باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔