قومی ٹی 20ٹیم عرب صحراؤں میں کالی آندھی سے ٹکرانے کیلئے تیار

ہفتہ 17 ستمبر 2016 13:01

قومی ٹی 20ٹیم عرب صحراؤں میں کالی آندھی سے ٹکرانے کیلئے تیار

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔17 ستمبر۔2016ء) قومی ٹوئنٹی20 کرکٹ اسکواڈ عرب صحراوٴں کی طرف اڑان بھرنے کیلیے تیار ہے، مختلف شہروں سے آنیوالے کھلاڑی ہفتے کونیشنل کرکٹ اکیڈمی میں رپورٹ کرینگے، ڈسپلن پر لیکچر کے بعد رات کو علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے دبئی روانگی ہونگے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین یو اے ای میں ٹوئنٹی20سیریز کا آغاز23ستمبر کو دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا، اگلے روز دونوں ٹیمیں اسی گراؤنڈ پر پھر نبرد آزما ہونگی،ا آخری مقابلہ 27 ستمبر کو ابوظبی میں شیڈول ہے، منتخب اسکواڈ میں سرفراز احمد ( کپتان )، شرجیل خان، خالد لطیف، بابر اعظم، عمراکمل، شعیب ملک،محمد رضوان، عماد وسیم، محمد نواز، سعدنسیم، محمد عامر، وہاب ریاض،حسن علی، سہیل تنویر اور رومان رئیس شامل ہیں۔

(جاری ہے)

عید گھر پر گزارنے والے قومی کرکٹرز مختلف شہروں سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں رپورٹ کردی اپنی شادی کی تقریبات میں مصروف محمد عامر بھی 23 ستمبر کوٹیم جوائن کرلینگے، اسکواڈ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ سے دبئی روانہ ہوگا، اس سے قبل کھلاڑیوں کو ڈسپلن پر لیکچر ہوگا ، انتخاب عالم کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالنے والے ٹیم منیجر وسیم باری نے کہاکہ یواے ای میں پاکستانی کرکٹرز ملک کے سفیر اور عوام کی توقعات کا مرکز ہونگے، سب کو ڈسپلن کی پاسداری کرنا ہوگی۔

مختصر گفتگو میں انھیں میدان کے اندر اور باہر ملکی پرچم سربلند رکھنے کیلیے ہر ممکن کوشش کرنے کی ہدایت دی جائیگی،ان کو بتایا جائیگا کہ انٹرنیشنل سطح پر کسی بھی حریف کیخلاف کامیابی کیلیے انفرادی مہم جوئی کافی نہیں ہوتی، ٹیم کلچر کو پروان چڑھانا پڑتا ہے۔۔