وزیراعظم نواز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے امریکا روانہ ہو گئے

ہفتہ 17 ستمبر 2016 12:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔17 ستمبر۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے امریکا روانہ ہو گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف اسلام آباد سے نیویارک کے لئے روانہ ہوئے جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 71 ویں اجلاس میں شرکت کریں گے،مشیر خارجہ سرتاج عزیز سمیت دیگر اہم شخصیات بھی وزیر اعظم کے ہمراہ موجود ہیں۔

وزیراعظم نواز شریف 19 ستمبر کو نیو یارک پہنچیں گے اور عالمی رہنماوٴں سے ملاقات میں انہیں کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت کے حوالے سے آگاہ کریں گے ۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف امریکی صدر باراک اوباما سے بھی ملاقات کریں گے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نواز شریف 21 ستمبر کو جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں بھی مسئلہ کشمیر پر پاکستانی موقف کو دوٹوک انداز میں بیان کریں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نواز شریف دورہ امریکا کے دوران کے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون سمیت کئی عالمی رہنماوٴں سے ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعظم نیویارک میں کشمیر کے بارے میں اوآئی سی کنیکٹ گروپ کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے جبکہ 19 ستمبر کو مہاجرین کے مسئلہ پر بلائے گئے اجلاس سے بھی خطاب کریں گے، اجلاس میں وزیراعظم افغان مہاجرین کی رضاکارانہ واپسی پر بھی بات کریں گے۔وزیراعظم نواز شریف نے گزشتہ روز آرمی چیف جنرل راحیل شریف، صدر و وزیراعظم آزاد کشمیر اور حریت رہنماوٴں کے وفد سے ملاقات کر کے کشمیر کے معاملے پر مشاورت کی