کویت پلٹ شہری سے فراڈ ، کروڑروپے سے محروم کردیا

لٹنے والا شہری ملزموں کی ضمانتیں خارج کروانے سیشن کورٹ پہنچ گیا

ہفتہ 17 ستمبر 2016 12:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔17 ستمبر۔2016ء) کویت میں 25سال تک محنت مزدوری کرکے پاکستان آنے والے شہری کو پلاٹ دلوانے کا جھانسہ دے کر ایک کروڑ روپے سے محروم کردیا گیا۔ جمع پونجی لٹانے والا شہری ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں خارج کروانے کے لئے سیشن عدالت پہنچ گیا۔ایڈیشنل سیشن جج سیف اللہ سوہل نے تھانہ ہنجروال پولیس سے 20ستمبر کو رپورٹ طلب کرلی ہے۔

ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں سمندرپارپاکستانی محمد سلیم نے ہنجروال کے محمد افضل سمیت 4ملزموں کی ضمانت کی درخواستیں خارج کرانے کے لئے درخواست دائر کرتے ہوئے اپنے وکیل کی وساطت سے موقف اختیار کیا ہے کہ سائل 25برس سے کویت میں ملازمت کرتا رہا، اپنا گھر بنانے کے لئے اس نے ہنجروال کے سمیرسعید اور سفیان بٹ ،محمد افضل اورسہیل سعیدنامی افرادسے رابط کیا جنہوں نے کسی کے پلاٹ کی رجسٹری دیکھا کر ایک کروڑ روپے ہتھیا لئے ہیں، جب وہ پلاٹ کا قبضہ لینے گیا تو معلوم ہوا کہ پلاٹ ان کی ملکیت نہیں ہے۔

(جاری ہے)

بعدازاں رابطہ کرنے پر مذکورہ افراد نے ٹال مٹول سے کام لیا اور غائب ہوگئے جس کے بعد تھانے میں مذکورہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کروایا گیا ہے ،اب ملزمان نے اپنی ضمانت کی درخواستیں دائر کی ہیں لہذا عدالت سے استدعا ہے کہ ملزموں کی ضمانت کی درخواستیں خارج کی جائیں ، عدالت نے آئندہ سماعت پر متعلقہ پولیس نے رپورٹ طلب کرلی ہے۔۔

متعلقہ عنوان :