پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے،جنرل اسمبلی میں اس مسئلے کو زور دار طریقے سے پیش کرے گا،وفاقی وزیر برائے امور کشمیر چوہدری محمد برجیس طاہر کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

جمعرات 15 ستمبر 2016 22:58

اسلام آباد ۔ 15 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15ستمبر ۔2016ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اس مسئلے کو زور دار طریقے سے پیش کرے گا۔ ایک نجی ٹی وی پروگرام سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں کے خلاف جاری مظالم پر عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کیلئے مسئلہ کشمیر کو زوردار طریقے سے اجاگر کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنے گزشتہ ادوار میں بھی جنرل اسمبلی کے سیشن سے خطاب کے دوران مسئلہ کشمیر کو اٹھایا تھا۔ وزیر امور کشمیر نے کہا کہ اگر اقوام متحدہ مشرقی تیمور اور جنوبی سوڈان میں رائے شماری کرا سکتا ہے تو پھر کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے مقبوضہ کشمیر میں رائے شماری کیوں نہیں کرائی جاتی، جس کا وعدہ اقوام متحدہ کی قراردادوں میں کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت نے حریت رہنما برہان وانی کی شہادت کے بعد مسئلہ کشمیر پر مزید آواز بلند کی اور بھارتی مظالم کی مذمت کیلئے کابینہ کا خصوصی اجلاس طلب کیا گیا اور سفیروں کی ایک کانفرنس طلب کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی گئی کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی سفارتکاری کے نتیجے میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ثالثی کی پیشکش کی جبکہ او آئی سی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پوری قوم اور سیاسی جماعتوں کا یکساں موقف ہے اور حکومت نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو اجاگر کرنے کیلئے پارلیمنٹ سے خصوصی نمائندوں کو ذمہ داریاں سونپی ہیں۔