عیدالاضحی پر77042 افراد نے چڑیا گھر کی سیر کی ، 24 لاکھ سے زائد آمدن ہوئی

جمعرات 15 ستمبر 2016 22:35

لاہور۔15 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15ستمبر ۔2016ء) شہریوں کا عید کے تیسرے روز بھی چڑیا گھر میں آمد کا سلسلہ جاری رہا اور چڑیا گھر کی آمدن بھی باقی دنوں کی نسبت زیادہ ہوئی، ڈائریکٹر لاہورچڑیا گھر شفقت علی نے جمعرات کے روز اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس عید پر چڑیا گھر کی سیر 77042 افراد نے کی جس سے 2451400 روپے آمدن ہوئی ،انہوں نے بتایا کہ عید کے پہلے روزسیر کیلئے آنیوالوں کی تعداد 7194 اور آمدن 255440 روپے ہوئی ،اسی طرح دوسرے روز وزیٹرز کی تعداد29191 اور آمدن 1015180 رہی جبکہ عید کے تیسرے روز چڑیا گھر میں وزیٹرزکی تعداد 40657 اورآمدن 1410680 رہی ،ڈائریکٹر لاہورچڑیا گھر شفقت علی نے بتایا کہ شہری چڑیا گھر کی سیر سے لطف اندوز ہو رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ شہریوں کا اتنی کثیر تعداد میں چڑیا گھر آنا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ شہری یہاں کی سکیورٹی سے مطمئن ہیں کیونکہ چڑیا گھر کی سکیورٹی ہر لحاظ سے فول پروف ہے، ڈائریکٹر شفقت علی نے کہا کہ شہریوں کو چڑیا گھر کی سیر کے دوران بنیادی سہولیات دستیاب اور چڑیا گھر میں موجود کینٹین پر کھانے پینے کی اشیاء کنٹرول ریٹ پر ہیں اور اوور چارجز کی اجازت نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ اوور چارجز کی شکایت کی صورت میں ٹھیکیدار کا ٹھیکہ ختم اور جرمانہ بھی کیاجاسکتا ہے۔