حافظ نعیم الرحمن کا ضلع شرقی و غربی میں اجتماعی قربانی کے مراکز کا دورہ

کراچی میں اجتماعی قربانی کے 321مراکز قائم کیے گئے ، جس میں سینکڑوں کی تعدادمیں گائے اور بکرے ذبح ہوئے، میڈیا سے گفتگو

جمعرات 15 ستمبر 2016 22:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15ستمبر ۔2016ء) جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے جماعت اسلامی ضلع شرقی کے تحت گلشن اقبال نزد مسجد بیت المکرم میں اور ضلع غربی کے تحت میٹروول ،اورنگی ٹاؤن ،صابری چوک حلقہ سلمان فارسی اور اورنگی خالد آبادساڑھے گیارہ میں عید الاضحی کے موقع پر اجتماعی قربانی اور الخدمت کے دیگر مراکز کا دورہ کیا اور کارکنان کے جوش و جذبے کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے بڑی تعداد میں کھالیں جمع کرنے پر مبارکباد پیش کی ۔

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع شرقی یونس بارائی ، امیر ضلع غربی عبد الرزاق خان ،قیم ضلع شرقی نعیم اختر ،قیم ضلع غربی محمود الحسن ، امیر زون ڈاکٹر عطاء الرحمن ،سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ،فضل واحد ، گل رحیم خان اور دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

دورے کے موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پورے کراچی میں اجتماعی قربانی کے 321مراکز قائم کیے گئے ، جس میں سینکڑوں کی تعدادمیں گائے اور بکرے ذبح ہوئے۔

قربانی میں شرعی اور حفظان صحت کے اصولوں کا خاص خیال رکھاگیا اور نہایت ہی صاف ستھرے طریقے سے جانور ذبح کیے گئے ۔انہوں نے کہا کہ اطمینان بخش بات یہ ہے کہ شہریوں نے اس مرتبہ بغیر کسی جبر اور زبردستی کے آزادی سے قربانی کی کھالیں دیں اور امن و امان کی صورتحال بھی بہتررہی ۔ الخدمت اور جماعت اسلامی کے رضاکار پورے کراچی میں بڑے پیمانے پر فیلڈ میں موجود رہے اور عوامی رابطوں کے ذریعے کھالیں جمع کی گئیں ،جس کی ہم نے باقاعدہ طور پر اجازت حاصل کی تھی ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ڈی جی رینجرز سے بھی ملاقات کی تھی او ر کھالیں جمع کرنے کے حوالے سے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا کہا تھا اور یہ کہا تھا کہ جماعت اسلامی رینجرز وسو ل انتظامیہ سے بھرپور تعاون کرے گی ۔ تمام تنظیموں نے ضابطہ اخلاق پر عمل کیا اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی امن و امان کے حوالے سے اپنا کردار ادا کیا ۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے الخدمت کی کھالوں میں اضافہ ہورہا ہے ہم شہریوں کی جانب سے الخدمت پر اظہار اعتماد کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور عزم کرتے ہیں کہ عوامی خدمت جاری رکھیں گے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے شہر کی صفائی ستھرائی کے حوالے سے کہا کہ ابھی تک شہر کی صفائی ستھرائی کی بہتر صورتحال نہیں ہے ہم بلدیاتی ڈسٹرکٹ اور یونین کونسل کے ذمہ داران اور دیگر شہری اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ صفائی و ستھرائی کے نظام کو بہتر بنائیں تاکہ شہر گندگی اور الائشوں سے سے پاک ہوسکے۔

حافظ نعیم الرحمن نے شہر صفائی و ستھرائی کے حوالے سے مزید کہا کہ شہر کی نئی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ شہر کو الائشوں سے جلد ازجلد پاک کرے اور شہر میں موجود جگہ جگہ الائشوں کو ٹھکانے لگائے اور قربانی کے اس بابرکت فریضہ میں کراچی کے عوام کا ساتھ دے ۔

متعلقہ عنوان :