خواتین کھلاڑی اپنی صلاحتیں قومی سطح سے بڑھا کر عالمی سطح پر منوانے کیلئے توجہ مرکوز کریں ، کمشنر کراچی

جمعرات 15 ستمبر 2016 21:54

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15ستمبر ۔2016ء) خواتین کھلاڑی اپنی صلاحتیں قومی سطح سے بڑھا کر عالمی سطح پر منوانے کیلئے توجہ مرکوز کریں تاکہ ملک کا نام روشن اور پرچم دنیاں بھر میں بلند ہوسکے ان خیالات کا اظہار کمشنر کراچی اعجاز احمد خان نے نیشنل بینک کے شعبہ کھیل کے سربراہ اویس اسد خان کی قیادت میں قومی گیمز میں کوالیفائی کرنے والی سندھ گرلز ہاکی ٹیم کی کھلاڑیوں کے وفد سے ملاقات کے موقع پر کیا اس موقع پر غلام محمد خان ، سیدہ ارم بخاری ، ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ کمشنر کراچی محمد شبیہ صدیقی کے علاوہ دیگر بھی موجودتھے ، کمشنر کراچی نے کہاکہ کراچی کی خواتین کھلاڑیوں کا کھیلوں میں ملکی سطح پر بڑھتا ہوا مقام قابل ستائش ہے، انہوں نے سندھ کی کھلاڑیوں کو جنہوں نے اسلام آباد میں منعقد ہونے والے قائد اعظم گیمز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوئٹہ میں منعقد ہونے والے قومی گیمز میں کوالیفائی کیا انہیں مبارک باد دی اور کہاکہ آپ کا سفر اب شروع ہوا ہے اور آپ اب صرف اپنی توجہ قومی گیمز تک محدود نہ رکھیں بلکہ آپ انٹرنیشنل سطح پر اپنے آپ کو منوائیں کمشنر کراچی نے کہا کہ یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ سندھ خصوصاً کراچی میں خواتین کھلاڑیوں کا ملکی سطح پر کھیلوں میں مقام بلند ہورہا ہے انہوں نے کہاکہ میں ہر سطح پر کھلاڑیوں کے پروان چڑھانے کیلئے ہر قسم کی مدد کرنے کیلئے تیار ہوں انہوں نے اعلان کیا کہ قومی گیمز میں کوالیفائی کرنے والی تمام کھلاڑیوں کو میری جانب سے مکمل کٹس اور گول کیپر کٹس اسی ہفتے فراہم کردی جائینگی انہوں نے اعلان کیا کہ کمشنر کراچی باسکٹ بال مینز ٹورنامنٹ اور گرلز ہاکی ٹورنامنٹ کمشنر کراچی آفس کے تعاون سے عید الضحی کے بعد منعقد کئے جائینگے جبکہ آرام باغ باسکٹ بال کو چاروں اطراف سے باؤنڈری کی تعمیر بھی جلد کرادی جائے گی تاکہ خواتین کھلاڑی بھی اس کورٹ میں مستفیض ہوسکیں قبل ازیں اویس اسد خان نے تفصیل کے ساتھ کمشنر کراچی کو کھیلوں کے مسائل اورگرلز ہاکی کھلاڑیوں کی کارکردگی سے آگاہ کیا اور بتایا کہ نیشنل بینک گرلز ہاکی کے فروغ کیلئے اپنا کردار اداکررہا ہے اور بینک تسلسل کے ساتھ ان کے ایونٹس اسپانسر کرتا رہتا ہے اور آئندہ بھی جو مدد ہوسکتی ہے نیشنل بینک ہرممکن تعاون کیلئے تیار ہے ، انہوں نے اس موقع پر کراچی امن فیسٹول کا سؤینئر کمشنر کراچی کو پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :