سندھ بلوچستان سرحد کو محفوط بنانے کے لئے حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے ، وزیراعلیٰ سندھ

بارڈر پر جس قسم کے آلات کی ضرورت پڑی حکومت سندھ مہیا کریگی ،پولیس کو جدید آلات فراہم کریں گے

جمعرات 15 ستمبر 2016 18:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15ستمبر ۔2016ء) وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ بلوچستان سرحد کو محفوط بنانے کے لئے حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے جس کے تحت بین الصوبائی سرحد پر تعینات اہلکاروں کو ہر قسم کے جدید آلات فراہم کریں گے۔ عیدالاضحی کے دوسرے روز کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ نے کہا کہ عید الاضحی کا تہوار امن و امان سے گزرنا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مرہون منت ہے۔

، بلاشبہ تمام فورسز مبارکباد کی مستحق ہیں۔ گزشتہ روز خانپور میں ممکنہ طور پر ہونے والے دھماکے اور سانحے کو پولیس نے اپنی جرات اور بہادری کے ذریعے ناممکن بنایا۔ ہماری پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کراچی سمیت صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنا دیا ہے اور اس کی بہتری میں فورسز کے ساتھ ساتھ عوام کا بھی بھرپور تعاون اور اہم کردار رہا ہے۔

(جاری ہے)

مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ بلوچستان سرحد کو محفوظ بنانے کے لئے لائحہ عمل تیارکرلیا گیا ہے۔ بین الصوبائی سرحدی فورسز کو مزید بہتر بنانے کی حکمت عملی تیار کی جارہی ہے۔ بارڈر پر جس قسم کے آلات کی ضرورت پڑی حکومت سندھ مہیا کرے گی اور اس کے ساتھ حکومت کی جانب سے پولیس کو جدید آلات فراہم کریں گے جبکہ پولیس ٹریننگ کو مزید بہتر اور جدید تربیت کے لئے ٹریننگ سینٹرز پر جدید انتظامات کئے جارہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :