ابھی ریٹائرمنٹ بارے فیصلہ نہیں کیا اگر کرکٹ چھوڑنی ہوتی تو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے فورا بعد ہی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیتا، شاہد آفریدی

دارالسکون پہنچ کر انتہائی خوشی ہوئی اوربہت اچھا لگا آئندہ بھی فلاحی اداروں کی خدمت میں پیش پیش رہیں گے، کرکٹر سرفراز احمد

جمعرات 15 ستمبر 2016 17:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15ستمبر ۔2016ء) سابق ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہدآفریدی نے کہا ہے کہ میں نے ابھی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا اگر کرکٹ چھوڑنی ہوتی تو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے فورا بعد ہی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیتا۔عیدالاضحی کے پہلے روز ٹی ٹوئنٹی کپتان سرفراز احمد کے ہمراہ کراچی کے دارالسکون آمد کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا کوئی فیصلہ نہیں کیا اورنا ہی مجھ پر کسی قسم کا کوئی دبا ؤہے۔

اگر کرکٹ چھوڑنی ہوتی تو ورلڈ کپ کے فورابعد ہی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیتا اب بھی وہ فیصلہ کروں گا جس میں مجھے اور بورڈ کو فائدہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ایسی کوئی درخواست نہیں کی جس میں کہا گیا ہو کہ مجھے میچ کھیلنے کا موقع دیں تو میں کرکٹ چھوڑ دوں گا۔

(جاری ہے)

شاہد آفریدی نے کہا کہ چیئرمین سلیکشن کمیٹی انضمام الحق سے بہت پرانا تعلق ہے ان کی دل سے عزت کرتا ہوں انہوں نے مجھے آئندہ کا لائحہ عمل دیا ہے جس پر ضرور عمل کروں گا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ موجود ٹی ٹوئنٹی کے کپتان سرفرازاحمد نے کہا کہ دارالسکون پہنچ کر انتہائی خوشی ہوئی اوربہت اچھا لگا آئندہ بھی فلاحی اداروں کی خدمت میں پیش پیش رہیں گے۔ اس موقع پر دونوں کرکٹرنے بچوں کو تحائف بھی پیش کئے۔

متعلقہ عنوان :