مشیر صحت کا تحصیل ہیڈ کواٹرز ہسپتال رائیونڈ کا دورہ

علاج معالجے کی سہولیات اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ

جمعرات 15 ستمبر 2016 17:21

لاہور۔15 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15ستمبر ۔2016ء )مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے جمعرات کے روز تحصیل ہیڈ کواٹرز ہسپتال کا دورہ کیا۔انہوں نے ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولیات اور صفائی کے انتظامات کاجائزہ لیا ۔اس موقع پر ای ڈی او ہیلتھ لاہور ڈاکٹر ذوالفقار علی ، ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر سعید ، ڈپٹی سیکرٹری ہیلتھ ٹیکنیکل ڈاکٹر یداللہ اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

مشیر صحت نے ہسپتال کے وارڈز ، شعبہ ایمرجنسی اور فارمیسی کا معائنہ کیا خواجہ سلمان رفیق نے مریضوں کو ادویات کی فراہمی کے حوالے سے معلومات حاصل کیں ۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ صفائی کے انتظامات پر خصوصی توجہ دی جائے اور آنے والے مریضوں کو علاج معالجہ کی فراہمی میں کوئی کثر نہ چھوڑی جائے ۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ عوام کو علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔