خدمت خلق افضل اور رب کی خوشنودگی حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے ، انتخاب سوری

جمعرات 15 ستمبر 2016 16:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 ستمبر۔2016ء) خدمت خلق افضل اور رب کی خوشنودگی حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے عید کی خوشیوں میں ذہنی وجسمانی طور پر معذور افراد کی عیادت اور انکی دلجوئی پسندیدہ اعمال میں شمار کی جاتی ہے اور آخرت کیلئے بہترین ذادراہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار ہیومن رائٹس نیٹ ورک کے رہنما انتخاب عالم سوری نے کراچی نفسیاتی ہسپتال میں منعقدہ عید ملن پارٹی کے موقع پر عید کیک کاٹنے کے بعد اپنے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈاکٹر آنند کمار پنجوانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ذہنی بیماریوں کا علاج باقاعدگی سے کروائیں اور اچھا ہونے کی امید رکھیں ذہنی مرض کو عیب سمجھ کر چھپانے سے علاج میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے حکومت مخیر حضرات اور خاندان میں شامل تمام افراد مل کر کام کریں تو ذہنی صحت سے متاثرہ افراد کو معاشرے کیلئے کار آمد بنانے میں اہم پیش رفت ہوسکتی ہے۔ مریض کو طبیب کی ہی نہیں بلکہ گھر کے دیگر افراد کی ہمدردری اور حوصلہ افزائی کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔ پروگرام کے اختتام پر مریضوں اور ان کے گھر والوں میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔