پاکستان سے دہشتگردی اندرونی اور بیرونی دہشتگردوں کا خاتمہ کرنے کیلئے پر عزم ہیں ،سربراہ پاکستان سنی تحریک

جمعرات 15 ستمبر 2016 16:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 ستمبر۔2016ء) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ بھار ت مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے قتل اور سنگین جرم کو چھپانے کیلئے اقوام متحدہ کے وفد کو داخلے کی اجازت نہیں دے رہا ،مظلوم نہتے کشمیریوں پر عید کے روز بھی فائرنگ ومظالم اور مذہبی آزادی سلب کرنے کے مترادف ہے ،اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے وفد کو کشمیر میں داخلے کی اجازت نہ دینے پر بھارت کے خلاف کاروائی عمل میں لائے ،پاکستان سے دہشتگردی اندرونی اور بیرونی دہشتگردوں کا خاتمہ کرنے کیلئے پر عزم ہیں ،ضرب عضب آپریشن دہشتگردوں کیلئے موت کا پیغام ہے ،ملک کے 20کروڑ عوام کی ضرب عضب آپریشن کا مکمل حمایت حاصل ہے ،معاشی استحکام وترقی کیلئے حکومت کو اہم اقدامات کرنا ہونگے ،پانامہ لیکس کے حقائق کو دبایا نہیں جاسکتا ،عید قربان ہمیں ایثار ،محبت اور غریبوں کے ساتھ خوشیاں منانے کا درس دیتی ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید کے دوسرے روز قادری ہاؤس پر عید ملنے کیلئے آنے والوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ اور مسلم ممالک کے سربراہ کے اتحاد کو یقینی بناکر ہی پوری دنیا میں اسلام کے دشمنوں کو شکست دی جاسکتی ہے ،فسادیوں کو سہولت فراہم کرنے والے بھی فسادی ہیں ،دہشتگرد اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف سخت کاروائی کو یقینی بنایا جائے ،پنجاب میں رینجرز آپریشن کو سیاسی مصلحت پسندی سے پاک رکھا جائے جوبھی دہشتگرد کسی بھی صف میں ہو سخت کاروائی عمل میں لائی جائے ،انہوں نے کہا کہ غریبوں کو ان کے حقوق دلانا اور ان کے مسائل کے حل کو یقینی بنانا ہر سیاسی جماعت بالخصوص حکومت کی قومی ملی اور آئینی ذمہ داری ہے ،عوام کی فلاح وبہبود کیلئے جدوجہد کرتے رہینگے ،اہلسنت خدمت فاؤنڈیشن کے تحت فلاحی کامیوں میں مزید تیزی لائیں گے ،شہید قائدین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے تعمیری وفلاحی اور سماجی خدمت کے ساتھ ملک سے دہشتگردی کو ختم کرنے کیلئے ہراول دست کا کردار ادا کرینگے۔

متعلقہ عنوان :