عید قرباں کے حقیقی فلسفہ کو سمجھ کر اس پر عمل کیا جائے، عبدالرؤف عالم

جمعرات 15 ستمبر 2016 16:12

اسلام آباد ۔ 15 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 ستمبر۔2016ء) وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان ایف پی سی سی آئی کے صدر عبدالرؤف عالم نے کہا ہے کہ عید قرباں کے حقیقی فلسفہ کو سمجھ کر اس پر عمل کیا جائے۔ عید کی خوشیاں مناتے ہوئے نمود ونمائش کے مظاہروں سے گریزکرنا چاہیے اور محروم و مستحق بھائیوں کی امداد واعانت کو اپنا شعار بنانا چاہیے تاکہ وہ بھی عید کی خوشیوں میں شامل ہو سکیں۔

جمعرات کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عید قرباں ایک عظیم الشان عبادت کے علاوہ ایک بڑی معاشی سرگرمی بھی ہے جس سے پسماندہ علاقے کے رہنے والوں کو فائدہ پہنچتا ہے۔بعض اندازوں کے مطابق امسال بھی عید پر بھی دو سے تین سو ارب روپے شہری علاقوں سے دیہی علاقوں کو منتقل ہو گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس سے جہاں لاکھوں افراد کو عارضی روزگار ملتا ہے وہیں بعض سہولیات سے محروم دیہی آبادی کا معیار زندگی بہتر ہوتا ہے جبکہ لائیو سٹاک سیکٹربھی ترقی کرتا ہے۔

عید کے موقع پر کئی متعلقہ شعبے بھی معاشی سرگرمی کی وجہ سے ترقی کرتے ہیں جس میں ٹرانسپورٹ ، ٹینرز اور فلاحی و مذہبی تنظیمیں شامل ہیں۔انھوں نے کہا کہ پاکستان میں جہاں زراعت مسلسل زوال کا شکار ہے وہیں لائیو سٹاک سیکٹر مسلسل ترقی کر رہا ہے اور زرعی شعبہ میں اس کا حصہ 58.5 فیصد تک جا پہنچا ہے۔ امسال اس شعبہ کی نمو 3.6 فیصد تک جا پہنچی ہے جو اگلے سال چار فیصد تک پہنچ جائے گی جبکہ جی ڈی پی میں اسکا حصہ بارہ فیصد سے زیادہ ہے۔

اسی شعبہ کی وجہ سے پاکستان دودھ پیدا کرنے والے بڑے ممالک میں شمار ہوتا ہے مگر ویلیو ایڈیشن کی کمی ہے ۔ پاکستان میں لائیو سٹاک سیکٹر کی ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں جس سے غربت میں کمی کے علاوہ حج کے دنوں میں قربانی کے جانور برآمد کر کے قیمتی زر مبادلہ بھی کمایا جا سکتا ہے۔ بہتر منصوبہ بندی سے لائیو سٹاک مارکیٹ میں انقلابی تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :