چائلڈ پروٹیکشن ایند ویلفیئر بیورو نے عید الاضحی پر بچیوں کیلئے مہندی اور چوڑیوں کے سٹالز لگائے

جمعرات 15 ستمبر 2016 14:27

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 ستمبر۔2016ء) چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن ایند ویلفیئر بیورو صبا صادق کی خصوصی ہدایت پربیورو میں مقیم بچوں کے لیے عیدالاضحی کے موقع پر خصوصی پروگرام ترتیب دیا گیا۔اس سلسلے میں بچیوں کیلئے مہندی اور چوڑیوں کے سٹالز لگائے گئے جس میں بچیوں نے اپنی پسند کی چوڑیاں خریدیں اور مہندی کے ڈیزائن بنوائے۔

اس کے علاوہ بچوں کیلئے آئس کریم، برگر اور گول گپے کے سٹالز بھی لگائے گئے۔بیورو میں مقیم تمام بچوں نے نئے کپڑے اور نئے جوتے پہنے، عید کی نماز ادا کی۔اس کے بعدچائلڈ پروٹیکشن بیورو میں قربانی کا اہتمام کیا گیا۔ بچوں کی دلچسپی کیلئے کھانے پینے کی اشیاء کے علاو ہ جھولوں، جمپنگ کیسٹل اور ٹرین کا اہتمام کیا گیا جس سے بچے بھرپور انداز میں لطف اندوز ہوئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو صبا صادق، ڈائریکٹر جنرل فاطمہ شیخ، ڈائریکٹر پروگرام تانیہ ملک اور دیگر سٹاف نے بھی عید کا دن بچوں کے ساتھ گزارا۔ اس کے علاوہ ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر)محمدعثمان نے عید کے روز چائلڈ پروٹیکشن بیورو لاہور کا دورہ کیا اور بیورو میں مقیم بچوں کے ساتھ عید کی خوشیوں میں شامل ہوئے۔ ڈی سی او لاہور نے بیورو کے بچوں میں عید کے تحائف بھی تقسیم کئے ۔

بچے اس موقع پر بہت خوش اور پرجوش تھے۔ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر)محمدعثمان نے اس موقع پر کہا کہ عید الاضحی ایثار اور قربانی کے جذبے کا نام ہے اور انھیں عید کے دن ان بے سہارا بچوں کے ساتھ وقت گزار کر بہت خوشی محسوس ہورہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورومیں ان بے سہارا بچوں کیلئے بہترین تعلیمی اور رہائشی سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔ چیئر پرسن صبا صادق نے ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر)محمدعثمان اور دیگر مہمانان گرامی کا چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں مقیم بچوں کی عید کی خوشیوں میں شامل ہونے پر شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :