قربانی کے اصل فلسفہ کے تحت غریب لوگوں میں بھی عید کی خوشیاں اور نعمتیں بانٹیں،بلاول بھٹو زرداری

انتہاپسندی ،دہشتگردی ہمارے دشمن خطرناک ہیں، پوری مسلم امہ کو اس کینسر کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا چاہیے،چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی

پیر 12 ستمبر 2016 19:34

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 ستمبر - 2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عیدالاضحی کے موقع پر پوری دنیا کے مسلم امہ اور خصوصاً پاکستان کے مسلمانوں کو مبارکباد دی ہے اور ان پر زور دیا ہے کہ قربانی کے اصل فلسفہ کے تحت اپنے ملک کے غریب لوگوں میں بھی عید کی خوشیاں اور نعمتیں بانٹیں، عیدالاضحی کے موقع پر اپنے پیغام میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ عیدالاضحی ہمیں موقع فراہم کرتی ہے کہ ہم اللہ تعالیٰ کے احکامات کی پیروی کرتے ہوئے ان کے حضور میں رحمتیں اور خوشیاں مانگیں،بلاول بھٹو زرداری نے یاد دلایا کہ دہشتگردوں کے ہاتھوں اپنی جانیں قربان کرنے والے مسلح فورسز کے سینکڑوں جوانوں اور شہریوں کے خاندان مزید پیار اور خصوصی اپنائیت کے مستحق ہیں ، انہیں عید کی تمام خوشیوں اور تقریبات میں شامل رکھا جائے، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انتہاپسندی اور دہشتگردی ہمارے خطرناک دشمن ہیں، پوری مسلم امہ کو اس کینسر کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا چاہیے قبل اس کے کہ وہ کینسر دنیا میں تباہی لائے، انہوں نے کہا کہ آیئے عید الاضحی کے موقع پر اپنے ملک کی خوشحالی و امن کے ساتھ ساتھ پوری دنیا میں امن اور ہم آہنگی کے لیے دعا مانگیں۔