عید الاضحی پر فول پروف حفاظتی انتظامات مکمل ، 6 ہزار سے زائد افسران و اہلکار فرائض سرانجام دیں گے‘ ڈی آئی جی آپریشنز

پیر 12 ستمبر 2016 17:03

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 ستمبر۔2016ء) ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا ہے کہ لاہور پولیس نے عید الاضحی کے موقع پر فول پروف حفاظتی انتظامات کیے ہیں جس کے مطابق 6 ہزار سے زائد افسران و اہلکار فرائض سرانجام دیں گے،تمام ڈویژنل ایس پیز، سرکل افسران اور ایس ایچ اوز اپنے علاقوں میں مساجد و امام بارگاہوں،پارکس اور کُھلے اجتماعات میں ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں عید الاضحی کے موقع پر حفاظتی انتظامات کے حوالہ سے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر تمام ڈویژنل ایس پیز، ایس پی ہیڈ کوارٹرز عمر سعید اور ایس پی مجاہد سید کرار حسین نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ آج رات ہر ڈویژن میں کومبنگ و سرچ آپریشنز کیے جائیں گے،ہر شہری کو تین سطحی سکیورٹی حصار میں جسمانی تلاشی کے بعد مسجد وامام بارگاہ میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی، حفاظتی انتظامات کو مزید یقینی بنانے کیلئے واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز، خاردار تاریں، بیرئیرز، سی سی ٹی وی کیمرے ودیگر تمام اقدامات اُٹھائے جائیں گے، سکیورٹی پلان میں قبروستانوں اور پارکوں میں بھی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے تاکہ جو لوگ اپنے پیاروں کی قبروں یا فیملی کے ساتھ پارکوں میں جائیں ان کے ارد گرد کے ماحول کو محفوظ بنایا جا سکے، لاہور پولیس نے اس بار عید الاضحی کے موقع پر مانیٹرنگ کا خصوصی پلان تیار کیا ہے جس کے مطابق متعلقہ ایس پیز کی زیرنگرانی مختلف ٹیموں کے ذمے مساجد و امام بارگاہوں، پارکس اور کھلے اجتماعات جبکہ دوسرے مرحلہ میں قبروستانوں اور پارکوں میں حفاظتی انتظامات کی مانیٹرنگ ہو گی،گاڑیوں کی پارکنگ عید گاہوں سے کم از کم 100 گز کے فاصلے پر ہوگی جس میں کوئی لاوارث یا مشکوک گاڑی کے نہ ہونے کا خاص خیال رکھا جائیگا، پولیس نے عید گاہوں کی انتظامیہ سے مل کر رضا کاروں کی ڈیوٹیاں وضح کر دی ہیں جو پولیس کے ساتھ مکمل کوآرڈینیشن میں رہیں گے۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے اس موقع پر مزید کہا کہ مساجد و کھلے مقامات پر وینٹیج پوائنٹس ایسی جگہ پر بنائے جائیں جہاں سے تمام وینیو پر نگاہ رکھی جاسکے۔ تمام ڈویژنز میں پٹرولنگ موئثر ہونی چاہیئے اور نمازِ عید کے مقام کے اطراف میں پٹرولنگ کو بڑھایا جائے۔ نمازِ عید کے موقع پر شہریوں کی کثیر تعداد اختتام پر ٹولیوں کی شکل میں واپس جاتی ہے تمام ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز ان کی سکیورٹی کا خاص خیال رکھیں ۔شہرکے داخلی و خارجی راستوں پر سکیورٹی ہائی الرٹ رکھی جائے اورشہر میں داخل ہونے والی ہر موٹر سائیکل اور گاڑی کو چیک کیا جائے۔ شہر کی حساس عید گاہوں کے ارد گرد ڈولفن سکواڈ اورPRU کے اہلکار بھی گشت کریں گے۔

متعلقہ عنوان :