آئی جی خیبر پختونخواناصر خان دُرانی کا لوئر دیر کی اگلی چیک پوسٹوں کا دورہ

پیر 12 ستمبر 2016 17:01

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 ستمبر۔2016ء)انسپکٹرجنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ناصر خان دُرانی نے عید کے موقع پر ضلع لوئر دیر کے اگلے( ایڈوانس) چیک پوسٹوں کا دورہ کیا۔ جہاں وہ دور دراز پہاڑی علاقوں میں اپنے فرائض سرانجام دینے والے جوانوں سے ملے اور ان کے فرض شناسی اور حوصلے و عزم کو سراہا۔تفصیلات کے مطابق آئی جی پی نے افغانستان اور باجوڑ ایجنسی کے سرحد ات پر واقع اگلے( ایڈوانس)چیک پوسٹو ں مسکینی درہ اور کوٹکی چیک پوسٹوں کا دورہ کیا۔

جہاں وہ ڈیوٹی پر موجود جوانوں سے ملے اور ان کی دلیری اور بلند حوصلے کو سراہا۔ جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پی نے کہا کہ وہ عید قربان کے موقع پر اپنے فرائض منصبی کے لئے اپنی خوشیوں کی قربانیاں دے رہے ہیں جس کا صلہ ان کو عوام کی پزیرائی اور اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کی صورت میں ملے گا۔

(جاری ہے)

آئی جی پی نے جوانوں کی عزم و ہمت اور بلند حوصلے کی تعریف کی اور اُن میں عید تحائف اور نقد انعامات بھی تقسیم کئے۔

آئی جی پی نے دیر کے مسکینی بازار کا بھی دورہ کیا۔ جہاں وہ عوام میں گھل مل گئے ۔ عوام نے آئی جی پی کو اپنے درمیان پاکر حیرت اور خوشی کا اظہار کیا۔ عوام نے آئی جی پی کو علاقے کی روایتی چادر اور ٹوپی پہنائی ۔آئی جی پی نے عوام سے علاقے میں امن و آمان کی صورتحال اور اس سلسلے میں پولیس کے کردار کے بارے میں دریافت کیا۔ عوام نے امن و آمان کے قیام کے لئے پولیس کی لازوال قربانیوں کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیااور آئی جی پی کی قیادت میں خیبر پختونخوا پولیس کی بہترین خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

آئی جی پی نے عوام کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس عوام کی پولیس ہے اور یہ عوام کے تعاون سے صوبے میں امن و آمان کے قیام اور جرائم کی بیخ کنی کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کرتی رہے گی۔