عید الاضحی ‘ہمیں دینی تعلیمات کی روشنی میں اپنی حقیقی اقدار اور سچی روایات کوفروغ دینے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے ‘صدر مملکت

پیر 12 ستمبر 2016 14:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 ستمبر۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے میں کہا ہے کہ ہمیں دینی تعلیمات کی روشنی میں اپنی حقیقی اقدار اور سچی روایات کوفروغ دینے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے ‘عید کے پُرمسرّت موقع پر عوام دہشت گردی سے متاثرہونے والے اپنے بہن بھائیوں کو بھی یاد کھیں ‘ کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔

عیدالاضحی کے موقع پر قوم کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں صدرمملکت نے کہا کہعید الاضحی ہماراایک اہم تہوار ہے اوریہ اس لازوال قربانی کی یاد میں منایا جاتا ہے جس کی نظیرعالم انسانیت میں نہیں ملتی۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی عظیم قربانی اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی اطاعت واضح کرتی ہے کہ خدائے بزرگ و برتر کی رضاکا حصول ہی مومن کا اصل مقصدِ حیات ہے۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ یہ عید ہمارے لیے اسلام کا ایک اہم رکن”حج“ادا کرنے کا انعام بھی ہے۔ حج مبارک کی سعی و مناجات اور عید الاضحی کے موقع پر مسلمانوں کی طرف سے پیش کی جانے والی قربانی یہ حقیقت واضح کرتی ہے کہ اسلامی شعائررنگ و نسل اور قومیت کے امتیاز سے قطع نظر ملتِ اسلامیہ کی وحدت کو یقینی بنانے کا ذریعہ ہیں ‘ہمیں دینِ مبین کی ہمہ گیر تعلیمات کی روشنی میں اپنی حقیقی اقدار اور سچی روایات کوفروغ دینے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہعید کے اس پُرمسرّت موقع پر ہمیں دہشت گردی سے متاثرہونے والے اپنے بہن بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے اور اس مشکل وقت میں ان کا ہاتھ بٹانا چاہیے۔ میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مصروف عمل اپنی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کی طرف سے امن کی بحالی کے لیے کی جانے والی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں اور چاہتا ہوں کہ قوم بھی اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے تاکہ ترقی اور خوشحالی کی راہ ہموار ہوسکے۔

ہمیں اپنی دعاؤں میں اپنے ان کشمیری بہن بھائیوں کو بھی یادرکھنا ہے جو اس وقت جبر و استبداد کی صعوبتیں برداشت کر تے ہوئے اپنے حق خودارادی کے حصول کی کوششوں میں مصروف ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ اب و ہ وقت دور نہیں جب ان کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور وہ آزاد فضا میں قومی و ملی تہوار منا سکیں گے۔ میں اس موقع پر پوری امتِ مسلمہ کو بھی عید کی مبارک باد پیش کرتا ہوں اور دعا کرتا ہوں کہ یہ عید پوری دنیا اور خاص طور پر عالمِ اسلام میں امن و استحکام اور ترقی و خوشحالی کی نوید ثابت ہو۔ آمین۔

متعلقہ عنوان :