Live Updates

اپوزیشن جماعتوں کا پاکستان تحریک انصاف کے رائیونڈ مارچ میں شرکت کر نے سے انکار

پیر 12 ستمبر 2016 14:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 ستمبر۔2016ء) اپوزیشن جماعتوں نے پاکستان تحریک انصاف کے رائیونڈ مارچ میں شرکت کر نے سے انکار کرتے ہوئے کہاہے کہ وزیراعظم کے گھر کے باہر احتجاج میں شریک ہونے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے ۔پاکستان پیپلز پارٹی ‘قومی وطن پارٹی (کیو ڈبلیو پی) اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنماوٴں نے بتایا کہ ان کا فی الحال وزیر اعظم کے گھر کے باہر احتجاج میں شریک ہونے کا کوئی منصوبہ نہیں۔

خورشید شاہ کے مطابق وہ چاہے مخالفین کوئی بھی ہوں وہ کسی کے گھر کے باہر مظاہرہ کرنے کے خیال کی حمایت نہیں کرسکتے ۔قومی وطن پارٹی کے رہنما آفتاب شیر پاوٴ نے یا کہ ان کی جماعت نے اپوزیشن لیڈر کے ہمراہ قومی اسمبلی سے واک آوٴٹ کیا جو اپوزیشن جماعتوں کی متفقہ فیصلہ تھا تاہم واک آؤٹ ہمیں بڑی مایوسی ہوئی کہ عمران خان نے ہم سے ملنا بھی گوارا نہیں کیا۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی کے مجوزہ رائے ونڈ مارچ میں شرکت کا امکان مسترد کرتے ہوئے آفتاب شیر پاوٴ نے کہا کہ ان کی جماعت محض پارلیمنٹ کے اندر کی جانے والی کوششوں میں پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کا ساتھ دے گی۔انہوں نے کہا کہ پہلی بات تو یہ ہے کہ ان کی جانب سے ہمیں احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی دعوت ہی نہیں دی گئی اور اگر دعوت آئی بھی تو ہم شرکت نہیں کریں گے۔

آفتاب شیر پاوٴ نے کہا کہ ہماری پارٹی کا موقف ہے کہ پاناما کا معاملہ پارلیمنٹ میں حل ہونا چاہیے نہ کہ سڑکوں پر اور ہم اس حوالے سے کمیشن کے قیام مطالبے پر قائم ہیں جو پاناما میں نام آنے والوں کے مستقبل کا فیصلہ کرے۔عوامی نیشنل پارٹی کے ترجمان زاہد خان نے بتایا کہ ان کی جماعت کسی کے بھی گھر کی چار دیواری کا احترام کرتی ہے اور وہ کبھی بھی کسی کے گھر کے باہر احتجاج کے منصوبے کی حمایت نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے نہ ہمیں رائے ونڈ ریلی میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے اور نہ ہم اس میں شرکت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں اسپیکر کے خلاف احتجاجاً واک آوٴٹ پی ٹی آئی کے کہنے پر نہیں بلکہ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی کال پر کیا۔دوسری جانب پی ٹی آئی کے ترجمان نعیم الحق نے بتایا کہ عید کے بعد رائے ونڈ ریلی میں شرکے کیلئے تمام اپوزیشن جماعتوں کو باضابطہ دعوت دی جائیگی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات