متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ فاروق ستارٹریفک حادثے میں شدید زخمی

گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی‘ زخمیوں میں 3 محافظ بھی شامل ‘ نجی ہسپتال منتقل

پیر 12 ستمبر 2016 11:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 ستمبر۔2016ء) ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہو گئے ہیں تاہم متحدہ رہنما خواجہ اظہار الحسن کا کہنا ہے کہ فاروق ستار کی حالت خطرے سے باہر ہے،جبکہ زخمی ہونے والے ایک محافظ کی حالت تشویشناک ہے۔تفصیلات کے مطابق حیدر آباد سے واپسی پر ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار کی گاڑی نوری آباد کے قریب الٹ گئی،جس کے نتیجے میں فاروق ستار 3 محافظوں سمیت شدید زخمی ہو گئے،جبکہ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔

(جاری ہے)

جس کے بعد ڈاکٹر فاروق ستار کو محافظوں سمیت نجی کلینک منتقل کیا گیا جبکہ ایم کیو ایم کارکنان کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی تاہم بد نظمی کے پیش نظر کارکنوں کو ہسپتال کے دروازے پر ہی روک دیا گیا۔متحدہ رہنما خواجہ اظہار الحسن نے تصدیق کی ہے کہ فاروق ستار کو اندرونی چوٹیں آئیں ،تاہم انکی حالت خطر ے سے باہر ہے،جبکہ حادثے میں زخمی ہونیوالے ایک محافظ کی حالت تشویشناک ہے۔ڈاکٹر فاروق ستار کو مزید معائنے کے لیے دوسرے نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ،جہاں انکا سی ٹی سکین اور دیگر طبی نمونے حاصل کیے جائیں گے۔