بھارتی کر کٹ بورڈ نے آئی سی سی چیئرمین کیخلاف محاذ کھول دیا

اتوار 11 ستمبر 2016 16:42

بھارتی کر کٹ بورڈ نے آئی سی سی چیئرمین کیخلاف محاذ کھول دیا

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 ستمبر۔2016ء) بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی چیئرمین ششانک منوہر کے خلاف ہی محاذ کھول دیا،مفادات کی جنگ نے دوستوں کو دشمن بنا دیا۔تفصیلات کے مطابق بی سی سی آئی نے اپنے ہی سابق صدر شیشانک منوہر پر الزامات کی بارش کردی جو اس وقت آئی سی سی کے چیئرمین ہیں، اس کی وجہ منوہر کا بیان بنا جس میں انھوں نے کہا تھا کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے غیرجانبدارسربراہ اور تمام ممبربورڈز کیلیے کام کرنا ان کی ذمہ داری ہے، آئی سی سی میں بھارتی بورڈ کے نمائندے کو بی سی سی آئی کے مفادات کا تحفظ کرنا چاہیے۔

بی سی سی آئی کے صدر انوراگ ٹھاکر نے اپنے ہی سابقباس پر خودغرضی کا الزام عائد کردیا، ان کا کہنا تھا کہ منوہر نے ڈوبتے ہوئے جہاز سے سب سے پہلے چھلانگ لگائی، ان کی سربراہی میں آئی سی سی بھارتی بورڈ کو سائیڈ لائن کرنے کی کوشش کررہی ہے، بورڈ کے سیکریٹری اجے شرکے نے کہاکہ منوہر کو یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ ان کا تعلق کس ملک سے ہے۔

(جاری ہے)

اس پر انوراگ ٹھاکر نے شدید برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ منوہر نے ڈوبتے ہوئے جہاز کے اس کیپٹن کا کردار ادا کیا جو دوسرے عملے سے پہلے ہی کود جاتا ہے، وہ اس وقت بی سی سی آئی کو چھوڑ گئے جب سپریم کورٹ میں لودھاسفارشات کے حوالے سے اہم کیس زیر سماعت اور ہمیں ان کی سخت ضرورت تھی۔

انوراگ ٹھاکر نے الزام عائد کیا کہ بطور بی سی سی آئی صدر ششانک منوہر نے کسی بھی ممبر سے مشورے کے بغیر ہی آئی سی سی کے آئین میں تبدیلی اور ترمیم کی توثیق کردی، اس وجہ سے بگ تھری کا اثررسوخ ختم ہوا۔ ادھر بی سی سی آئی کے سیکریٹری اجے شرک کہتے ہیں کہ ششانک منوہر کو نہیں بھولنا چاہیے کہ جن ترامیم کی بنیاد پر وہ چیئرمین بنے ہوئے ہیں وہ انھوں نے بی سی سی آئی کے صدر کے طورپرکی تھیں جس میں بورڈ کے ممبران سے مشاورت بھی کی گئی تھی، میں ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ وہ اپنی بنیاد اور آبائی ملک کو نہ بھولیں، ان کے خاندان کی تین نسلیں بھارتی کرکٹ سے منسلک رہی ہیں، وہ کیسے خود کو اس سے لاتعلق قرار دے سکتے ہیں۔