عید الاضحی کے موقع پر آلائشیں اٹھانے کے اقدامات،کمشنر کراچی کی زیر صدارت جائزہ اجلاس

بلدیہ عظمیٰ کراچی اور ڈی ایم سیز کی کمشنر کو بریفنگ، شکایاتی مراکزقائم کر نے کا فیصلہ

ہفتہ 10 ستمبر 2016 22:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10ستمبر ۔2016ء) کمشنر کراچی اعجاز احمد خان کی زیر صدارت اجلاس میں عید الاضحی کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اٹھانے ، انھیں ٹھکانے لگانے اور اس موقع پر صفائی کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا تمام متعلقہ اداروں نے اس سلسلہ میں اجلاس میں اپنے اپنے ہنگامی منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔

اجلاس میں تمام ڈپٹی کمشنرز، بلدیہ عظمیٰ کراچی، تمام ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز اور ڈسٹرکٹ کونسل کراچی کے سینئر افسران اور دیگر نے شر کت کی، کمشنر کراچی کو بتایا گیاکہ تمام بلدیاتی اداروں نے قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اٹھانے انھیں ٹھکانے لگانے اور اس موقع پر صفائی کو یقینی بنانے کے انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کمشنر کراچی کے دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی ، تمام ڈی ایم سیز اور ڈسٹرکٹ کونسل کے دفاتر میں شکایاتی مراکز قائم کئے جائیں گے، شکایاتی مراکز پر شہریوں کی شکایات کے ازالے اور انکی رہنمائی و مدد کے لئے خصوصی عملہ متعین کیا جا ئے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نماز عیدکے سلسلہ میں مساجد، عید گاہوں اور امام بارگاہوں اور نماز عید کیلئے مختص کئے جانے والے مقامات پر صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے۔ تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے اضلاع میں نماز عید کے مقامات کا خو د دورہ کر کے معائنہ کریں گے اورانتظامات کا جائزہ لیں گے کمشنر کراچی نے کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر انتظامیہ کے افسران عید کے دنوں میں آلائشیں ٹھکانے لگانے اور صفائی کے انتظامات کے سلسلہ میں متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ و تعاون کو مضبوط بنائیں گے۔

فیصلہ کیا گیا کہ کمشنر کراچی کے دفتر میں 1299 پر شکائتی مرکز قائم کیا جا ئے گا۔ اس سلسلہ میں خصوصی عملہ متعین کیا جا رہا ہے جو شہریوں کی شکایات کے ازالے اور آپس میں اداروں کے درمیان رابطے اور تعاون میں مدد فراہم کر نے کے لئے فرائض انجام دے گا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی عید الاضحی کے موقع پر آلائشیں اٹھانے اور صفائی سے شہریوں کی شکایات سننے کے لئے 1339 کو فعال بنایا جا ئے گا جو 24 گھنٹے کام کرے گا، اسکے علاوہ عوام اپنی شکایات مندرجہ ذیل نمبروں پر بھی درج کرواسکتے ہیں ،ڈی ایم سی ساؤتھ 99211429۔ڈی ایم سی ایسٹ 99230355-9۔ڈی ایم سی ویسٹ 32550470۔ڈی ایم سی سینٹرل 9926034۔ڈی ایم سی ملیر 0316-0205691۔ ڈی ایم سی کورنگی 35035729اور ڈسٹرکٹ کونسل 99232593-99232531۔

متعلقہ عنوان :