”غریب گھرانوں کے بچے اوربچیوں کا پولیس افسر بننا پنجاب حکومت کی میرٹ پالیسی کا ثمر ہے “

پولیس کالج سہالہ میں تربیت کے دوران اعزازات حاصل کرنیوالے سب انسپکٹرز کاپنجاب حکومت کی میرٹ پالیسی کو خراج تحسین

ہفتہ 10 ستمبر 2016 21:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10ستمبر ۔2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف سے پولیس کالج سہالہ میں تربیت کے دوران اعزازات حاصل کرنے والے مردو خواتین سب انسپکٹرز نے ملاقات کے دوران پنجاب حکومت کی میرٹ پالیسی کو زبردست انداز سے خراج تحسین پیش کیا اورسہالہ کالج میں تربیت کے اعلی معیار کو سراہا۔پروبیشنرسب انسپکٹرز کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی میرٹ پالیسی کی بدولت ہی آج ہم غریب گھرانوں سے تعلق رکھنے والے پولیس فورس میں شامل ہیں۔

راجن پور سے تعلق رکھنے ولے سب انسپکٹر کرم الہٰی نے کہا کہ میں نے پنجاب حکومت کی میرٹ پالیسی کی بات دل سے کی ہے، میرے والدین کایہی کہنا ہے کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ شہبازشریف کی میرٹ پالیسی کی بدولت ہی ہمارے غریب گھرانے کا بیٹا پولیس میں افسر بنا ہے ۔

(جاری ہے)

ملتان سے تعلق رکھنے والی سب انسپکٹر مریم فیض نے کہا کہ میرے والد غریب کاشتکار ہیں ا ورمیرے پاس کوئی سفارش نہ تھی اور میری پولیس میں بھرتی سو فیصد میرٹ کی بنیاد پر ہوئی ہے ۔

پنجاب حکومت کے پوزیشن ہولڈرز کی حوصلہ افزائی کے پروگرام سے مجھے مدد ملی اور اس پروگرام کے تحت مجھے بہت کچھ سیکھنے کا موقع بھی ملا۔بہاولنگر سے تعلق رکھنے والی سب انسپکٹر نائیلہ کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کے تعلیمی پروگرام شاندار ہیں اورانہی تعلیمی پروگراموں سے مجھے اپنی تعلیم جاری رکھنے میں مددملی اور حصول تعلیم کے بعدپولیس فورس میں شامل ہونے کا موقع ملا۔

پاکپتن سے تعلق رکھنے والی صائمہ فرید نے کہا کہ میرے والد مزدور ہیں اورمیں اس عہدے پر پہنچنے کا سوچ بھی نہیں سکتی تھی، پنجاب کے وزیراعلیٰ شہبازشریف کی میرٹ پالیسی کانتیجہ ہے کہ آج ہمیں عزت ملی ہے ۔رحیم یار خان سے تعلق رکھنے والے سب انسپکٹر احسان الہٰی نے کہا کہ میرے والد ڈرائیور ہیں۔میرٹ کی پالیسی نے مجھ جیسے غریب خاندانوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھی آگے بڑھنے کاموقع فراہم کیا ہے ،اگر محنت کی جائے تو اس کا صلہ ضرور ملتا ہے ۔

پولیس ٹریننگ کالج سہالہ میں تربیت کے دوران اعزازات حاصل کرنے والے تمام سب انسپکٹرزنے کالج میں تربیت کے اعلی معیار کو سراہا اور کہا کہ شہبازشریف نے ہمیں یہاں بلاکرہمارا حوصلہ بڑھایا ہے جس پر ہم ان کے تہہ دل سے شکرگزار ہیں۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے سب انسپکٹرز سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ میری آپ کو نصحت ہے کہ آپ نے مظلوموں کی دادرسی کرنی ہے،مشکلات اورچیلنجز کا جرأت سے مقابلہ کرتے ہوئے عوام کی امیدوں پر پورا اترنا ہے ۔

متعلقہ عنوان :