بھارت سرکار نے کشمیریوں پر مظالم میں کمی لانے کی بجائے فوج کے مزید دستے بھیج دیئے‘خالد ولید

کشمیری صبر و استقامت کا پہاڑ بن کر بھارتی افواج کی بد ترین ریاستی دہشت گردی کا مقابلہ کر رہے ہیں‘سیکرٹری جنرل تحریک آزادی جموں کشمیر

ہفتہ 10 ستمبر 2016 21:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10ستمبر ۔2016ء ) تحریک آزادی جموں کشمیر کے جنرل سیکرٹری حافظ خالد ولید نے کہا ہے کہ بھارت سرکار نے کشمیریوں پر مظالم میں کمی لانے کی بجائے فوج کے مزید دستے بھیج دیئے،کشمیری صبر و استقامت کا پہاڑ بن کر بھارتی افواج کی بد ترین ریاستی دہشت گردی کا مقابلہ کر رہے ہیں،بھارت کشمیر کے مسئلہ پر ہٹ دھرمی دکھا رہا ہے،پاکستان کو بھی کشمیریوں کے حقیقی وکیل کا کردار ادا کرنا چاہئے۔

کشمیریوں کو عیدالاضحیٰ کی خوشیوں میں شریک کیا جائے۔گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ برہان وانی کی شہادت کے بعد کشمیریوں میں بیداری کی لہر پیدا ہوئی ہے اور وہ اپنی آزادی کے حصول کے لئے مسلسل قربانیاں پیش کر رہے ہیں ۔مسلسل کرفیو کے باوجودبھارتی مظالم کے خلاف کھڑے ہوکر اور پاکستانی پرچم لہرا کر کشمیریوں نے ثابت کر دیا کہ یہ تحریک اپنے منطقی انجام تک پہنچنے والی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آٹھ لاکھ بھارتی فوج کشمیر یوں کی جدو جہد آزادی کچلنے کیلئے نت نئے حربے اختیار کر رہی ہے کشمیریوں کے قتل عام اور ان کی عزتوں اورجان ومال پر حملے آئے دن بڑھتے جا رہے ہیں پوری کشمیر ی قوم امید بھری نظروں سے پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے حکمرانوں کو بھی چاہیے کہ وہ مظلوم کشمیریوں کی مدد کا فریضہ سر انجام دیں ۔ بھارت سرکار طاقت و قوت کے بل بوتے پر کشمیریوں کے جذبہ حریت کو سر د کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکتی ۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج نے ظلم و ستم کی انتہا کر کے کشمیریوں کا زندہ رہنا مشکل بنا دیا ہے مگر تمام تر وسائل جھونکنے اور ظلم و تشدد کے باوجو انڈیا مظلوم کشمیریوں کی جدو جہد آزادی کو کچلنے میں کامیاب نہیں ہوسکا کشمیریوں کی جدو جہد، استقامت اور جرأت کو ہم سلام پیش کرتے ہیں جو قومیں قربانیاں پیش کرتیں ہیں آزادی انہی کا مقدر ہوتی ہے ۔حافظ خالد ولید نے کہا کہ کشمیری دفاع پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر پراقوام متحدہ کی قراردادوں والا پرانا اور دوٹوک اصولی مؤقف اختیار کرے۔ آج کشمیری تنہا نہیں پوری پاکستانی قوم ان کیساتھ ہے۔ہمارا کشمیر ی مسلمانوں کے ساتھ کلمہ کا رشتہ ہے ۔

متعلقہ عنوان :