معیاری تعلیم کا فروغ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے، محب اﷲ خان

صوبائی حکومت سالانہ بجٹ میں زیادہ حصہ تعلیم کے فروغ پر خرچ کر رہی ہے جو اس بات کی واضح دلیل ہے،محب اﷲ خان

ہفتہ 10 ستمبر 2016 20:12

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10ستمبر ۔2016ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے لائیو سٹاک و امداد باہمی محب اﷲ خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت سالانہ بجٹ میں زیادہ حصہ تعلیم کے فروغ پر خرچ کر رہی ہے جو اس بات کی واضح دلیل ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کی ترجیح نئے نسل کو جدید تعلیم سے آراسہ کرنا ہے کیونکہ تعلیم ہی کے ذریعے چیلنجوں کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول سسجبنڑسوات کی نئی عمارت کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔واضح رہے کہ سکول کے تعمیراتی کام پر ایک کروڑ 41لاکھ روپے کی لاگت آئی ہے۔ تقریب سے اے ڈی او سوات محمد اعظم خان ، سکول کے پرنسپل ابراہیم خان ، پی ٹی آئی کے ضلعی رہنما سعید خان نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بلدیاتی نمائندوں ، معززین علاقہ ، اساتذہ کرام اور طلباء کثیر تعداد میں موجود تھے ۔ محب ا ﷲ خان نے کہا کہ صحت اور تعلیم کے شعبوں کی ترقی میں ہی قوموں کی خوشحالی مضمر ہے لیکن بدقسمتی سے سوات میں بدآمنی اور قدرتی آفات کے باعث یہ دونوں شعبے زیادہ متاثر ہوئے ہیں او رماضی کی حکومتوں نے بھی اس جانب مناسب توجہ نہیں دی جبکہ اس کے برعکس موجودہ صوبائی حکومت نے صحت اور تعلیم کے لئے بھی رقوم خرچ کرنے کے علاوہ ، نئے اساتذہ کی تعیناتی عمل میں لانے او رنئے سکولوں کے قیام کے ساتھ ساتھ موجودہ سکولوں میں نئے کمرے تعمیر کرنے اور طلباء کو بہترین تعلیمی سہولتیں فراہم کرنے جیسے مثبت اقدامات اٹھائے ہیں جن کی بدولت انرولمنٹ میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے اور سرکاری سکولوں پر ماضی کے مقابلے میں اب والدین کا اعتمادکافی بڑھ گیا ہے وہ اپنے بچوں کو سرکاری سکولوں میں داخل کر رہے ہیں ۔

انہو ں نے کہا کہ ضلع سوات کی ترقی میں موٹروے کی تعمیر سے سوات کی ترقی کا ایک نیا دور شروع ہو گا اور پسماندہ علاقوں کی محرومیاں ختم ہو جائیں گی ۔اس موقع پر پیش کئے گئے مطالبات کے جواب معاون خصوصی نے کہا کہ ہمیں عوام کے مشکلات و مسائل کا بخوبی ادراک ہے اس لئے ان کے ازالے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن اور ملک کی ترقی کے لئے تعلیم کی اہمیت سے کسی طور انکار نہیں کیا جا سکتا اس لئے والدین اپنی پوری توجہ بچوں کی تعلیم پر مرکوز رکھیں ۔انہو ں نے اساتذہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں کیونکہ ان کی محنت اور کاوشوں سے ہی نئی نئے نسل کا مستقبل روشن ہو سکتا ہے ۔

متعلقہ عنوان :