جامعہ نعیمیہ،اجتماعی قربانی کے انتظامات مکمل،335جانور ذبح کئے جائیں گے

نماز عید6:45پرہوگی،ڈاکٹرراغب نعیمی ”اسوئہ ابراہیمی اورہمارطرز زندگی“کے موضو ع پر خطبہ دیں گے‘ترجمان

ہفتہ 10 ستمبر 2016 20:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10ستمبر ۔2016ء )دارالعلوم جامعہ نعیمیہ میں عیدالاضحی کے موقع پرہونے والی ”اجتماعی قربانی“کے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں،امسال جامعہ نعیمیہ میں335سے زائد ،گائے،بیل اوراونٹ ذبح کئے جائیں گے۔نماز عیداالاضحی جامعہ نعیمیہ گڑھی شا ہو میں6:45 بجے صبح اداکی جائے گی جبکہ جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلی علامہ ڈاکٹر محمدراغب حسین نعیمی ”اسوئہ ابراہیمی اورہمارطرز زندگی“کے موضو ع پر خطبہ عید الاضحی دیں گے۔

(جاری ہے)

جامعہ نعیمیہ کے ترجمان کے مطابق سکیورٹی سمیت اجتماعی قربانی کے حوالے سے انتظامات کوحتمی شکل دید ی گئی ہے۔رواں سال جامعہ نعیمیہ کے زیراہتمام لاہور میں60سے زائد مقامات پر قربانی کی کھالوں کے لئے ”کھال کیمپ“لگائے جائیں گے۔جہاں پر شہری قربانی کے جانوروں کھالیں جامعہ نعیمیہ کے مستحق طلباء کے لئے جمع کرا سکیں گے۔مرکزی کیمپ جامعہ نعیمیہ گڑھی شاہو،جامعہ سراجیہ نعیمیہ مغلپورہ، جامع مسجد چوک دالگراں،جامع مسجد نصرت اسلام کینٹ میں لگائے جائیں گے۔ترجمان نے بتایا کہ جامعہ نعیمیہ سے منسلک مساجد اورمدارس میں نماز کی ادائیگی کے اوقات کاشیڈول آج جاری کیاجائے گا۔