چارسدہ پولیس نے کامیاب کارروائی کرکے 27 لاکھ روپے تاوان کیلئے اغواء ہونی والی ساتویں جماعت کی طالبہ کوبازیاب کرلیا

ہفتہ 10 ستمبر 2016 19:46

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10ستمبر ۔2016ء) چارسدہ پولیس نے کامیاب کاروائی کرکے 27 لاکھ روپے تاوان کیلئے اغواء ہونی والی ساتویں جماعت کی طالبہ کوبازیاب کرلیا ایک اغواء کارکوبھی گرفتارکرلیا ہے،۔تھانہ عمر زئی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایچ او کاشف خان اور انچارج انوسٹی گیشن واجد خان نے میڈیا کو بتایاکہ جمعہ کے روز 4بجے عمر زئی پولیس کو اطلاع ملی کہ ساتویں جماعت کی طالبہ خدیجہ دختر اجمل سکنہ خٹ کورونہ ترنگزئی کو نامعلوم افراد نے 2D گاڑی ICT اسلام آباد میں اغواء کر لیا جس پر پولیس نے فوری کاروائی کی اور گاڑی کا تعاقب کرتے ہوئے طالبہ کو بہ حفاظت بازیاب کر اکے گاڑی میں بیٹھے ایک اغواء کار شاہ ایران ولد شوکت کو گرفتار کیا جبکہ دو اغواء کاروں اعجا ز ، لقمان پسران میر ولی شاہ سکنہ خٹ کورونہ فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کی گرفتاری کیلئے کو ششیں جاری ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس نے اغواء کار شاہ ایران کے خلاف 365A,364A اور376 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ۔ ایس ایچ ا و کا شف خان نے مزید بتایا کہ بازیاب ہونے والی طالبہ خدیجہ کے والد نے اپنی اراضی فروخت کی تھی جس کا اغواء کاروں کو علم تھا جس پر اغواء کاروں نے ان کی بیٹی کو بھاری تاوان کیلئے اغواء کا منصوبہ بنا یا۔ اغواء کاروں نے مغوی لڑکی کی بازیابی کیلئے ان کے والد اجمل سے 27لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا ۔

ایس ایچ او کے مطابق گرفتار اغواء کار سیکنڈ اےئر کے طالب علم ہے اور ایف سی میں بھرتی کیلئے درخواست دے چکے ہیں جبکہ فرار ہونے والے اغواء کار بھائیوں اعجاز اور لقمان کے کئی رشتہ دار محکمہ پولیس میں ملازمت کر رہے ہیں۔ پریس کانفرنس کے دوران بازیاب ہو نے والی طالبہ حدیجہ نے میڈیا کو بتایا کہ وہ چار بجے دینی علوم کیلئے مدرسہ جار رہی تھی کہ ان کے ہمسایہ شاہ ایران ، اعجاز اور لقمان نے ان کو راستے میں زبر دستی گاڑی میں ڈال کرتشدد کا نشانہ بنا یا ، اغواء کار وں نے مجھے بتایا کہ آپ کے والد سے27لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا لیکن آپ کے والد نے پیسے دینے سے انکار کیا اس لیئے ہم نے آپ کو اغواء کر لیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس دوران عمر زئی پولیس نے اغواء کاروں کا تعاقب کیا اور مجھے گاڑی سے بہ حفاظت بازیاب کر ایا ۔

متعلقہ عنوان :