طاغوتی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے دینی مدارس میں پڑھنے والے طلباء کا کردار ناقابل فراموش ہے، معراج الہدیٰ صدیقی

ہفتہ 10 ستمبر 2016 18:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10ستمبر ۔2016ء) جماعت اسلامی کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ نظریہ پاکستان کی حفاظت سے لیکر ملت کے اتحاد و یکجہتی اور طاغوتی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے دینی مدارس میں پڑھنے والے طلباء کا کردار ناقابل فراموش ہے، سندھ حکومت رجسٹریشن کے نام پر دینی مدارس اور ان میں پڑھنے والے طلباء کو حراساں کرنے کے بجائے سرکاری تعلیمی اداروں کی بہتری پر توجہ دے، اسلامی و کلمہ طیبہ کے نام پر معرض وجود میں آنے والے ملک کو سیکولر اسٹیٹ بنانے کی سامراجی سازش کبھی بھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں جمعیت طلبہ عربیہ کراچی کے تحت منعقدہ دو روزہ تربیت گاہ کے شرکاء سے آخری روزخطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

تربیت گاہ سے منتظم صوبہ جلال الدین منصوری ،عمیرالاسلام اور عابد حسین نے بھی خطاب کیا۔ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے مزید کہا کہ دینی مدارس میں پڑھنے والے طلباء نے ہمیشہ اصلاح معاشرہ کے ساتھ ملک کی نظریاتی ، جغرافیائی سرحدوں کا دفاع کیا ہے اور آئندہ بھی وہ اپنی تعلیم کے ساتھ دعوت حق کا فریضہ سر انجام دیتے رہیں گے۔

جمعیت طلبہ عربیہ سندھ کے منتظم جلال الدین منصوری نے کہاکہ جمعیت طلبہ عربیہ کے نوجوان نظریہ پاکستان کی حفاظت سے لیکرکرپشن فری پاکستان مہم میں تحریک اسلامی کے ہراول دستہ کا کردار ادا کریں گے ،انہوں نے طلباء پر زوردیتے ہوئے کہا کہ قرآن و سنت کی دوعوت کو چاردیواری سے باہرمیدان میں پیش کیا جائے،طلباء اپنے آپ کو ہرگز تنہا نہ سمجھیں جمعیت طلباء عربیہ ان کے ساتھ ہے اورہرمرحلہ میں ان کی رہنمائی کا فریضہ سرانجام دیں گے۔

متعلقہ عنوان :